ایس ای سی پی کا کارپوریٹس کے لیے ایک ہی دن اکاؤنٹ کھولنے کا اقدام شروع

منگل 25 مارچ 2025 16:07

ایس ای سی پی کا کارپوریٹس کے لیے ایک ہی دن اکاؤنٹ کھولنے کا اقدام شروع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) ایس ای سی پی نے سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) کے ساتھ مشاورت سے ایک کانسپٹ پیپر تیار کیا ہے تاکہ ای زی فائلنگ (eZfile)پورٹل کو اسی دن کارپوریٹ بینک اکاؤنٹ کھولنے کے لیے مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اس کانسپٹ پیپر کی نمایاں خصوصیات میں ضوابطی، تکنیکی اور ڈیجیٹل طریقہ کار کو بینکنگ نظام کے ساتھ ہم آہنگ کرنا شامل ہے، تاکہ عمل کو مؤثر بنایا جا سکے، غیر ضروری رکاوٹیں ختم کی جا سکیں اور کارکردگی کو بہتر کیا جا سکے۔

اس کا مقصد کاروبار میں آسانی کو فروغ دینا، مالی شمولیت کو بڑھانا اور معاشی ترقی کی حمایت کرنا ہے، تاکہ نئی قائم ہونے والی کمپنیوں کو فوری طور پر بینکاری خدمات تک رسائی حاصل ہو۔ پورٹل میں ای زیڈ فائل اکاؤنٹ کھولنے کا نیا سیکشن متعارف کرایا جائے گا، جو کمپنیوں کو رجسٹریشن کے دوران اضافی دستاویزات جمع کروا کر بینک اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

تصدیق شدہ ڈیٹا منتخب بینکوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے معیاری اورایک ہی دن اکاؤنٹ کھولنے کےعمل کوممکن بنایا جا سکے۔ ایک پُش بیسڈ میکانزم ریئل ٹائم ڈیٹا ایکسچینج کو یقینی بنائے گا، جبکہ بینکوں کے ساتھ اے پی آئی انضمام، مرکزی (کے وائے سی )، اکاؤنٹ ایکٹیویشن کے لیے ای-الرٹس، اور عارضی اکاؤنٹس کی سہولت سے کارکردگی اور ضابطے کی مطابقت کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

ٹرانزیکشن پروسیسنگ کو مزید ہموار کرنے کے لیے راست پلیٹ فارم سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔کانسپٹ پیپرکے مطابق یہ خصوصیت کمپنی کی رجسٹریشن اور کارپوریٹ بینکنگ کے لیے ایک زیادہ مؤثر اور جامع حل فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائی جا رہی ہے۔ اس نئے فیچر کے ذریعے کاروباری ادارے غیر ضروری تاخیر یا پیچیدگیوں کے بغیر بینک اکاؤنٹ کھولنے کے تمام ضروری مراحل مکمل کر سکیں گے۔ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر ای زی فائلنگ پورٹل کوایک ہی دن میں کارپوریٹ بینک اکاؤنٹ کھولنے کے طریقےکو بہتر بنانے کے لیے کانسپٹ پیپرعوامی رائے کے حصول کے لیے شائع کر دیا گیا ہے۔