چینی کی قیمت میں اضافہ معاملہ،پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کاقیمتوں سے متعلق رپورٹ پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی

پبلک اکاونٹ کمیٹی نے تین وفاقی سیکریٹریز کو کل طلب کر لیا، جنید اکبر کی زیر صدارت پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 25 مارچ 2025 15:27

چینی کی قیمت میں اضافہ معاملہ،پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کاقیمتوں سے متعلق ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 مارچ 2025)ملک بھر میں چینی کی قیمت میں اضافے کے معاملے پرپبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا قیمتوں سے متعلق رپورٹ پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کردیا،پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے سیکرٹری صنعت، تحفظ خوراک اورتجارت کو کل طلب کرلیا،چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی جنید اکبر کی زیر صدارت اجلاس ہواجس میں پبلک اکاونٹ کمیٹی نے چینی کی صورتحال پر رپورٹ پیش نہ کرنے پر شدید ناراضگی کااظہار کیا۔

چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس جنید اکبر کا کہنا تھا کہ ایسا رویہ بالکل برداشت نہیں کیا جائیگا۔ہم نے گزشتہ اجلاس میں ملک میں چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے معاملے پر رپورٹ طلب کی تھی لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے باوجودہمارے کہنے کے باوجود آج کے اجلاس میں اس حوالے سے کوئی رپورٹ پیش نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

بعدازاں پبلک اکاونٹ کمیٹی نے تین وفاقی سیکریٹریز کو کل طلب کر لیا۔

گزشتہ روزوفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے چینی 180 روپے فی کلو میں فروخت ہونے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیاتھا۔وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں کا مقصد عوام میں بے یقینی پیدا کرنا تھا اور یہ تمام بیانات پروپیگنڈا کی شکل اختیار کر چکے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں چینی کی قیمت 164 روپے فی کلو ہے اور وزیراعظم نے چینی کی قیمت کے تعین کیلئے اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے ملک میں چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس لیتے ہوئے وزار ت نیشنل فوڈ سکیورٹی سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کی تھی ۔پبلک اکائنٹس کمیٹی نے ایف بی آر سمیت مختلف وزارتوں میں اندرونی آڈٹ نظام کو بہتر بنانے اور آڈٹ اعتراضات کو ڈیلی سطح پر نمٹانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی تھی۔بتایاگیا تھا کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جنید اکبر خان کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا تھاجس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ چیئرمین ایف بی آر اور آڈیٹر جنرل سمیت دیگر حکام نے شرکت کی تھی۔