میرواعظ کی جامع مسجدسرینگر میں شب قدر کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت

بدھ 26 مارچ 2025 15:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںجامع مسجد سرینگر میں شب قدر اور جمعة الوداع کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ اجلاس اوقاف کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ شب قدر کے موقع پر رات دس بجے نماز تراویح شروع ہوگی جس کے بعد میر واعظ کا خطبہ ہوگا اور رات بارہ بجے قیام اللیل ہوگا۔جمعة الوداع کی نماز دوپہر 2:30بجے ہوگی جبکہ میر واعظ پونے ایک بجے خطبہ شروع کریں گے۔ان مقدس ایام میں نمازیوں اور زائرین بالخصوص دور دراز علاقوں سے آنے والوں کی سہولت کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر میرواعظ نے محکمہ اوقاف کے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ انتظامات کے حوالے سے پوری تندہی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔