وہی شخص انسان کہلانے کا مستحق ہے جو دوسروں کے لئے دل میں درد و فکر رکھتا ہو ،چوہدری ارشد جاوید وڑائچ

بدھ 26 مارچ 2025 15:56

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) پارلیمانی سیکرٹری و عوامی لیڈر ایم پی اے (ن )لیگ (پی پی52 )چوہدری ارشد جاوید وڑائچ نے یکم رمضان سے رمضان سحری و افطاری دسترخوان کا اہتمام کیا ہے جو آخری رمضان تک جاری رہے گا۔چوہدری ارشد وڑائچ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہی شخص انسان کہلانے کا مستحق ہے جو دوسروں کے لئے دل میں درد و فکر رکھتا ہو اور ان کی مصیبتوں اور پریشانیوں میں مدد کرتا ہو۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت میں انسانیت کی خدمت ہی اصل عبادت ہے، مخلوق خدا کی خدمت کرنا اور ان کی مشکل وقت میں مدد کرنا بہت بڑی نیکی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنا نا،دوسروں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھنا اخلاقی زندگی کا اصل جوہر ہے اور خدمت خلق اللہ کی رضا کے حصول کا ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

اپنے پیغام میں انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کا مختصر ترین خطبہ جمعہ سوڈان کے شیخ عبدالباقی المکاشفی نے دیا، وہ ممبر پر بیٹھے اور فرمایا بھوکے اور مسکین کے پیٹ میں ایک لقمہ پہنچانا ہزار مساجد کی تعمیر سے بہتر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کینال سٹی ،گھنٹہ گھر چوک ، سول ہسپتال سیالکوٹ اور دیگر مقامات پر سحری و افطاری کے دسترخوان سجائے گئے ہیں جہاں پر بڑی تعداد میں لوگوں کو سحری اور افطاری کرائی جارہی ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد سے ہماری خدمت کی یہ کاوش جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :