سبزیاں اہم انسانی ضرورت ہیں جن کافی کس روزانہ استعمال300سے 350گرام ہونا چاہیے،ڈائریکٹر زراعت

بدھ 26 مارچ 2025 16:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) سبزیاں اہم انسانی ضرورت ہیں جن کافی کس روزانہ استعمال300سے 350گرام ہونا چاہیے لیکن ہمارے ہاں یہ اوسط مقدار 100سو سے150گرام فی کس روزانہ ہے جو سفارش کردہ مقدار سے آدھی سے بھی کم ہے جس کی وجہ سے صحت عامہ کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے لہٰذا شہری سبزیوں کازیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنائیں۔

ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے بتایا کہ سبزیوں میں وٹامن اے،سی،تھایامین، فولک ایسڈ،رائبوفلیون، کیلشیم،فاسفورس،پوٹاش،مینگانیز اور ریشے کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے اسلئے انسانی خوراک میں سبزیوں کا استعمال بڑھانے سے پھیپھڑوں کے کینسر، شوگر، ہیپاٹائٹس اور دل کے امراض کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ ہو جاتا ہے اور جسم سے زہریلے اور فاسد مادوں کا اخراج بھی بڑھ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدلتے موسمی حالات اور آبادی میں اضافہ کے پیش نظر سبزیوں کی کاشت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں موسم خریف کی سبزیوں کھیرا،ٹماٹر، مرچ، شملہ مرچ، گھیاکدو، حلوہ کدو، گھیا توری کریلہ، خربوزہ، تربوز اور ٹینڈی کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے تما م دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے اور متوازن غذاکے حصول کے لیے سبزیوں کی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کاشت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ سبزیوں میں تمام غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جو انسانی جسم کی نشوونما کیلئے بے حد ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیشتر سبزیاں ریشہ دار ہیں جن میں وٹامن سی،مینگانیز اور فولک ایسڈ اور مٹر میں لحمیات جنکو گوشت کا نعم البدل کہا جاتا ہے کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی کاشت دیگر فصلوں کے مقابلہ میں زیادہ منافع بخش ہے اور سبزیاں کم رقبہ سے زیادہ پیداوار دیتی ہیں۔