’کیا چلنے سے بھی معذور ہوگئے؟ وہیل چیئر پر عمرہ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی رجب بٹ پر تنقید

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں رجب بٹ اور ان کے خاندان کو صفا مروہ کی سعی کرتے ہوئے وہیل چیئرز پر بیٹھے دیکھا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 26 مارچ 2025 16:11

’کیا چلنے سے بھی معذور ہوگئے؟ وہیل چیئر پر عمرہ کرنے پر سوشل میڈیا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2025ء ) یوٹیوبر رجب بٹ وہیل چیئر پر عمرہ کرنے کی وجہ سے تنقید کی زد میں آگئے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکام عمرہ اور حج کے دوران معذور یا بزرگ افراد کو وہیل چیئرز کی سہولت فراہم کرتے ہیں لیکن صحت مند افراد کا اس کا استعمال اخلاقی طور پر قابلِ اعتراض سمجھا جاتا ہے اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں رجب بٹ اور ان کے خاندان کو صفا مروہ کی سعی کرتے ہوئے وہیل چیئرز پر بیٹھے دیکھا گیا، ویڈیو میں یوٹیوبر کے تقریباً تمام فیملی ممبران کے جوان اور بظاہر صحت مند نظر آنے پر سوشل میڈیا پر ان پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

اس حوالے سے ایک صارف نے لکھا کہ ’کیا یہ سب معذور ہیں؟‘ دوسرے صارف نے سوال اٹھایا کہ ’صحت مند اور جوان افراد وہیل چیئر کا استعمال کیوں کر رہے ہیں؟ کیا یہ عمرہ کی سہولت کا غلط استعمال نہیں؟‘ ایک اور صارف نے اس معاملے پر کہا کہ ’اگر آپ چل سکتے ہیں تو وہیل چیئر پر کیوں بیٹھے ہیں؟ یہ دوسرے حاجیوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے مترادف ہے‘، کئی صارفین نے یہ تبصرہ بھی کیا کہ ’ویسے تو دنیا گھوم رہے ہیں لیکن جہاں دین کے لیے چلنا پڑا تو وہیل چیئر لے لی‘۔

(جاری ہے)

rajab but umrah critics
یہاں قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ رجب بٹ پہلے ہی اپنے متعارف کرائے جانے والے 295 پرفیوم کے معاملے میں مشکلات کا شکار ہیں، یوٹیوبر رجب بٹ کیخلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں پیکا ایکٹ اور 295 اے کی دفعات شامل کی گئی ہیں، جس کے بعد پہلے تو یوٹیوبر رجب بٹ نے قرآن پر ہاتھ رکھ کر اپنے نئے پرفیوم کے نام پر تنازعہ پیدا ہونے کے بعد معافی مانگ کر اس کی فروخت بند کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پرفیوم کی تشہیر کے دوران مجھ سے جو لا علمی کے طور پر غلط الفاظ کا استعمال ہوا میں اس کے لیے اللّٰہ اور اس کے رسول ﷺ کی بارگاہ میں کھڑا ہو کر معافی مانگتا ہوں اور توبہ کرتا ہوں، میرے ان الفاظ سے اگر کسی بھی مسلمان کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں آپ سب سے بھی معافی مانگتا ہوں۔

بعد ازاں رجب بٹ نے عمرے کی سعادت حاصل کرتے ہوئے خانہ کعبہ کے صحن میں اللہ کو گواہ بنا کر اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے ایک پھر معافی مانگی، رجب بٹ نے مسجد الحرام کے مطاف میں حالت احرام میں کھڑے ہو کر اپنا ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا اور پھر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں انہوں نے اپنی بات کے آغاز پر درود پاکﷺ اور پھر کلمہ پڑھا اس کے بعد کہا کہ ’میرا مال، جان، والدین، اولاد اور خون کا ایک ایک قطرہ نبی پاک ﷺ پر قربان ہے، سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے جو مسئلے مسائل چل رہے ہیں میں اس پاک جگہ پر حلف لے کر کہتا ہوں کہ میں نے کچھ بھی جان بوجھ کر نہیں کیا، مجھ سے جو کچھ بھی لاعلمی میں ہوا اس کے لیے پہلے بھی معذرت کی اور ایک بار پھر ہاتھ جوڑ کر معذرت کرتا ہوں اور اپیل ہے اپنے دلوں کو میرے لیے صاف کرلیں‘۔