انڈس اسپتال اور آئی سی سی بی ایس کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

آئی سی سی بی ایس سے پروفیسررضا شاہ اورانڈس اسپتال سے ڈاکٹر سید ظفر زیدی نے دستخط کیے

بدھ 26 مارچ 2025 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی، اور انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک، کراچی کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس یادداشت کا مقصد حیاتیاتی، طبی اور کلینیکل تحقیق میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے، جس میں کلینیکل ٹرائلز سمیت دیگر تحقیقاتی شعبے شامل ہیں۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ اور انڈس اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر سید ظفر زیدی نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے آئی سی سی بی ایس میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ نے کہا کہ اس معاہدے کا بنیادی مقصد حیاتیاتی اور طبی تحقیق میں اشتراک کو فروغ دینا ہے، خاص طور پر کلینیکل تحقیق اور آزمائشوں کے شعبے میں۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئی سی سی بی ایس کی بین الاقوامی حیثیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز ترقی پذیر دنیا میں کیمیائی و حیاتیاتی علوم کے نمایاں ترین تحقیقی اداروں میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرکز میں جدید ترین تحقیقی سہولیات موجود ہیں، جن میں ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ کے تحت قائم ''سینٹر فار بائیو ایکویولینس اسٹڈیز اینڈ کلینیکل ریسرچ بھی شامل ہے، جو ملک کی پہلی کلینیکل ٹرائل سہولت ہے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تحقیقی مطالعات انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ڈاکٹر سید ظفر زیدی نے انڈس اسپتال کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غیر منافع بخش صحت کا نیٹ ورک ہے، جو ملک بھر میں کثیر الجہتی اسپتالوں اور پبلک ہیلتھ آٹ ریچ کلینکس پر مشتمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈس اسپتال محدود وسائل کے باوجود محفوظ اور مثر طبی خدمات کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے اور مسلسل اپنی خدمات کے دائرہ کار، عالمی صحت کے اقدامات اور تحقیق کے میدان کو وسعت دے رہا ہے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق، دونوں ادارے تحقیق کو عملی طبی حل میں تبدیل کرنے کے لیے باہمی تعاون اور اشتراک کریں گے۔ اس معاہدے کا ایک اہم مقصد پاکستانی عوام کی صحت سے متعلق ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیق کو فروغ دینا اور اسے عملی جامہ پہنانا ہے۔