ناظم خوراک و سیکرٹری آزاد جموں وکشمیرفوڈ اتھارٹی کی تمام اضلاع کے فوڈ سیفٹی آفیسرزکو ہدایات

بدھ 26 مارچ 2025 21:28

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) ناظم خوراک و سیکرٹری آزادجموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی عبدالحمید کیانی نے مقدمہ عنوانی شاہد زمان بنام آزاد حکومت وغیرہ رجسٹری برانچ میر پور میں مورخہ 21 مارچ 2025 میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز/فوڈ سیفٹی آفیسرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سیکرٹری فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامہ کے مطابق اگر کوئی بیکری غیر معیاری اور زائدالمعیاد کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرتی ہوئی پائی جائے تو اسے فورًا سربمہر کر دیا جائے اور عدالت کے واضح حکم کے علاوہ کاروبار کرنے کی اجازت نہ دی جائے،ملاوٹ شدہ کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو عدم برداشت کی حکمت عملی اختیار کی جائے، ایسی بیکریاں جو اپنے نام سے ریسٹورنٹ چلا رہی ہیں ان میں غیر معیاری ملاوٹ شدہ اور زائدالمعیاد کھانے پینے کی اشیاء فروخت کی جارہی ہیں اور ان کے سیمپلز لیکر فوری موبائل لیبارٹریز سے ٹیسٹ کروائے جائیں اور مطلوبہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

ہدایت نامہ کے مطابق ایسی بیکریاں جو اپنے نام سے پینے کا پانی فروخت کرنے کا کاروبار کر رہی ہیں انکے پانی اور دودھ کے نمونہ جات لیکر موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں ٹیسٹ کروائے جا ئیں۔ دودھ کا کاروبار کرنے والی ان دکانات کی فہرست عدالت میں جمع کروائیں جو باضابطہ درج شدہ ہیں اور جنہوں نے مقرر شدہ معیاری اصولوں کے تحت شفاف اور خالص دودھ کی فروخت کیلئے تحت ضامانان کی جانب سے درضمانت دے رکھی ہیں انکی فہرست بھی عدالت میں جمع کروائی جائے اور غیر درج شد و د کان کو کھولنے یا کاروبار کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

فوڈ اتھارٹی حکام باقاعدگی سے مارکیٹس کا معائنہ کریں اور خوراک کے اعلیٰ محفوظ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے معائنہ جات کے عمل کو تسلسل سے جاری رکھیں۔ فوڈسیفٹی آفیسران معزز عدالت العظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں بلا تخصیص اور بلا تعطل غیر معیاری اشیاء کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں اورہفتہ وار اور تعمیلی ر پورٹ با قاعدگی کے ساتھ ارسال کریں۔