مظفرآباد:قائد اعظم کے اقوال پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا،سیمینار سے مقررین کا خطاب

بدھ 26 مارچ 2025 23:26

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے آزاد جموںوکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں” تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان “کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیمینار کے مہمان خصوصی وزیر بحالیات جاوید بڈھانوی تھے جبکہ صدارت حریت کانفرنس آزاد جموںو کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز شاہ نے کی۔

سیمینار میں چوہدری شاہین اقبال ، مشتاق اسلام، محمد شفیع ڈار، تنزیر اقبال، پروفیسر ڈاکٹر واجد علی اعوان پروفیسر الطاف حسین ، منظور اقبال بٹ اور دیگر شریک تھے ۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کو در پیش چیلنجر سے نمٹنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط و موثر بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک سیاسی جہدوجہد کے نتیجے میں ہمیں پاکستان کی صورت میں ایک عظیم وطن ملا جو پوری دنیا کے مسلمانوں کی امیدوں اور آرزئوں کا مرکز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے اقوال پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ مقررین نے کہا کہ مملکت خداداد کی مسلح افواج وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر قربانیوں کی ایک لازوال داستانیں رقم کر رہی ہیں، ہم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ سیمینارکے انعقاد کا مقصد نوجوان نسل کو تحریک آزادی پاکستان اور قائداعظم کی بے مثال جرات و بہاری اور حصول مقصد کے لیے انتھک جدوجہد سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ قائد کے اصولوں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کی روشنی میں مادرِ وطن کو درپیش چیلنجوں کے لیے نہ صرف تیار ہو سکیں بلکہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور پوری ریاست کے پاکستان کے ساتھ الحاق کیلئے جاندار کردار ادا کرسکیں۔