محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو جوار کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے جوار 2011 قسم کاشت کرنے کی ہدایت

جمعرات 27 مارچ 2025 17:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو جوار کی 720من فی ایکڑسے بھی زائد بمپر کراپ کے حصول کیلئے جوار 2011 قسم کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ دیگر اقسام کی کاشت سے بھی شاندار پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے مطابق جوار موسم گرما کی فصل ہے جو پنجاب کی آب و ہوا کے لحاظ سے انتہائی موزوں، زیادہ سے زیادہ خشک سالی برداشت کرنے کی صلاحیت کی حامل ہے جسے پنجاب کے آ بپا ش و بارانی دونوں علاقوں میں کامیابی سے کاشت کیاجاسکتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ جوار 2011، جے ایس 2002، ہیگاری، جے ایس 26، چکوال جوار وغیرہ ترقی دادہ اقسام ہیں تاہم ادارہ تحقیقات چارہ جات کی تیار کردہ قسم جوار 2011 قد آور، میٹھی، 720من فی ایکڑ پیداوار کی حامل ہے جبکہ اس کے بیج کی پیداواربھی تقریباً30من فی ایکڑ ہے جسے جانور انتہائی شوق سے کھاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جوار ہلکی کلراٹھی زمین پر بھی کاشت کی جاسکتی ہے لیکن زیادہ پیداوار لینے کیلئے بھاری میرااور پانی کے اچھے نکاس کی حامل زمین شاندار نتائج و بھرپور پیداوار دے سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :