جشن نزول قرآن: وزارت مذہبی امور اور دعوۃ اکیڈمی اسلام آباد کے زیر اہتمام قومی محفل شبینہ اختتام پذیر ہو گئی

جمعہ 28 مارچ 2025 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) جشن نزول قرآن کے سلسلے میں وزارت مذہبی امور اور دعوۃ اکیڈمی اسلام آباد کے زیر اہتمام قومی محفل شبینہ اختتام پذیر ہو گئی ، جمعرات کو فیصل مسجد اسلام آباد میں حفاظ کرام نے نماز تراویح میں خوش الحانی سے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی ،اس موقع پر ترکی کے سفیر مہمان خصوصی تھے جبکہ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سمیت وزارت مذہبی امور، دعوۃ اکیڈمی فیصل مسجد اسلام آباد اور ملک بھر سے اہم شخصیات سمیت جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

قیام اللیل کا آغاز 21 رمضان المبارک کو فیصل مسجد اسلام آباد میں ہوا ،جو رمضان المبارک کی 27ویں شب پایہ تکمیل تک پہنچا۔

(جاری ہے)

ختم قرآن پاک کے بعد خصو صی دعا کی گئی اس موقع پر علماء کرام نے خاص طور پر اس بات کا ذکر کیا کہ یہ وہ رات ہے جو ہزار مہینے سے افضل ہے اور اس لیلۃ القدر کی اسی شب پاکستان وجود میں آیا 14 اگست 1947 کو 27 رمضان المبارک اور جمعۃ الوداع کا دن تھا جب پاکستان وجود میں آیا تھا ۔

اس موقع پر علماء کرام نے پاکستان کو عالم اسلام اور ہم سب کے لیے ایک بہت بڑی نعمت قرار دیا اور کہا کہ ہمیں اس ملک کی قدر کرنی چاہیے اور اس ملک میں اللہ رب العزت کے احکامات اور نبی پاک ﷺکےا سو ہ حسنہ کے تحت اپنی زندگی بسر کرنی چاہیے، علماء کرام کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت میں پر عمل پیرا ہونے میں ہے ہم دنیا اور آخرت کی کامیابیاں صرف اور صرف اللہ رب العزت کے احکامات کے تحت زندگیاں گزار کر ہی حاصل کر سکتے ہیں، اس موقع پر ملکی ترقی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اللہ رب العزت سے دعاکی گئی کہ ہمارے مسائل حل کر، پاکستان کی حفاظت فرما اور پاکستان کے دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنا، ملک کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔