امام حسین رضی اللہ عنہ کا پیغام پوری انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہے،فیصل کنڈی

نواسہ رسولؐکی لازوال قربانی اسلام کی سربلندی، دین کی بقا ء کے لئے پیش کی گئی عظیم مثال ہے،گورنر خیبرپختونخوا

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:41

امام حسین رضی اللہ عنہ کا پیغام پوری انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہے،فیصل ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یوم عاشور 10 محرم الحرام 1447 ہجری کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے وفادار ساتھیوں کی لازوال قربانی اسلام کی سربلندی، دین کی بقا اور حق و سچائی کے لیے پیش کی گئی عظیم مثال ہے جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

امام حسین رضی اللہ عنہ کا پیغام پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، جو ہمیں صبر، استقامت، وفا، شجاعت اور ایمان کی حقیقی روح سکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں باطل کے سامنے ڈٹ جانے، حق پر ثابت قدم رہنے اور اس راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا سبق دیتا ہے۔ کربلا کا پیغام ہے کہ چاہے کتنی ہی آزمائشیں کیوں نہ آئیں، ہمیں ظلم و جبر کے سامنے سر نہیں جھکانا چاہئے اور مظلوم کا ساتھ دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

یہی ایمان کا حصہ ہے اور اسی میں ہماری دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ گورنر نے کہا کہ کربلا کے شہیدوں کا خون گواہی دیتا ہے کہ حق لازوال ہے جبکہ باطل فنا ہونے کے لیے ہے۔ یوم عاشور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اپنی زندگیوں میں قربانی کا جذبہ زندہ رکھیں اور ہر حال میں قرآن و سنت پر عمل پیرا رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں حق و سچ کا ساتھ دینے کی ہمت عطا کرے۔ آمین۔