اترپردیش،سڑک پر نماز عید ادا کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آرد درج کرنے ، پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کا اعلان

جمعہ 28 مارچ 2025 11:00

میرٹھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) آبادی کے اعتبار سے بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کی پولیس نے خبر دار کیا ہے کہ اس سال عید الفطر کی نماز سڑک پر ادا کرنے والے مسلمانوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی اور ان کا پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیا جا سکتا ہے اور نیا پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے عدالت سے این او سی حاصل کرنا پڑے گا۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ انتباہ اترپردیش کے ضلع میرٹھ کی پولیس کی طرف سے جاری کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ اس سال شہر کی سڑکوں پر عید کی نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی میرٹھ کے ایس پی سٹی آیوش وکرم نے کہا کہ مذہبی رہنماؤں، اماموں اور لوگوں سے صرف مساجد میں نماز ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ اس ہدایت کی کسی بھی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پچھلے سال، اسی طرح کی خلاف ورزیوں کے باعث 200 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے، جن میں 80 سے زائد افراد کی شناخت کی گئی۔ اس سال، پولیس ممکنہ مجرموں کی کڑی نگرانی کر ے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے حساس علاقوں کی نگرانی کرے گی۔ پولیس سوشل میڈیا پر بھی کڑی نظر رکھے گی اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرے گی۔ایس پی سٹی نے کہا کہ انتظامیہ اس حوالے سے ہائی الرٹ پر ہے اور قانون توڑنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا اور کسی بھی قسم کی گڑبڑ کو روکنے کے لیے تمام حساس علاقوں میں اضافی سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا جائے گا۔