موت کے بعد دوبارہ جنم لینے کا ارادہ رکھتا ہوں،دلائی لامہ

تبتی بدھ مت ادارہ میری موت کے بعد بھی جاری رہے گا،خطاب

بدھ 2 جولائی 2025 18:24

موت کے بعد دوبارہ جنم لینے کا ارادہ رکھتا ہوں،دلائی لامہ
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)تبت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ صدیوں پرانا تبتی بدھ مت ادارہ ان کی موت کے بعد بھی جاری رہے گا۔ ان کے اس بیان سے برسوں کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا جو ان کے اس عندیے کے بعد شروع ہوئی تھیں کہ شاید وہ اس کردار پر فائز ہونے والے آخری شخص ہوں۔ اپنی 90ویں سالگرہ سے قبل دعائیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے بدھ مت کے نوبل امن انعام یافتہ تبتی روحانی سربراہ نے ایک ریکارڈ شدہ بیان میں کہا کہ اگلے دلائی لامہ کو ماضی کی بدھ روایات کے مطابق تلاش کیا اور پہچانا جانا چاہیے۔

تبتی بدھوں کا ماننا ہے کہ دلائی لامہ اس جسم کا انتخاب کر سکتے ہیں جس میں انہیں دوبارہ پیدا ہونا ہے جیسا کہ 1587 میں ادارے کے قیام سے لے کر اب تک 14 مواقع پر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

تنزین گیاتسو 1940 میں دلائی لامہ کا 14 واں تناسخ بن گئے۔ جب 1959 میں تبت کے دارالحکومت لہاسا میں چینی فوجیوں نے ایک بغاوت کو کچلا تو وہ تبت سے فرار ہو گئے اور تب سے وہ ہندوستان کے قصبے دھرم شالہ میں جلاوطنی کی زندگی گذار رہے ہیں۔دلائی لامہ نے اصرار کیا ہے کہ ان کا جانشین چین سے باہر پیدا ہو گا۔ بیجنگ جو انہیں علیحدگی پسند سمجھتا ہے، نے کہا ہے کہ صرف اسی کو دلائی لامہ کا تناسخ تلاش کرنے کا اختیار ہے۔تبت کے اندر اور جلاوطن بدھ مت کے بیشتر تبتی پیروکار تبت پر چین کے سخت کنٹرول کی مخالفت کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :