بھارت،پولیس نے ممبئی کی 1500مساجد سے لائوڈ اسپیکر ہٹا دیئے

پولیس نے تمام مذاہب کی عبادت گاہوں میں نصب لائوڈ سپیکروں کے خلاف کارروائی کی ہے

بدھ 2 جولائی 2025 16:24

بھارت،پولیس نے ممبئی کی 1500مساجد سے لائوڈ اسپیکر ہٹا دیئے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں پولیس نے حکومتی احکامات کے بعد صرف ممبئی میں ہی تقریبا 1500مساجد اور دیگر عبادت گاہوں سے لائوڈ اسپیکر ہٹا دیے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ممبئی کے پولیس کمشنر ڈیوین بھارتی نے کہا کہ پولیس نے تمام مذاہب کی عبادت گاہوں میں نصب لائوڈ سپیکروں کے خلاف کارروائی کی ہے اور شہر کے مذہبی مقامات کو لائوڈ سپیکروں سے پاک کیا ہے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ ممبئی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سینکڑوں مساجد اور دیگر عبادت گاہوں سے لائوڈ سپیکر اتارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی سیاسی، سماجی اور کمیونٹی رہنمائوں کے ساتھ بات چیت کے بعد کی گئی ہے۔پولیس کمشنر نے واضح کیا کہ اتارے گئے لائوڈ سپیکروں کو واپس رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صرف مذہبی تہواروں کے دوران اور وہ بھی درخواست دینے کے بعدشور کی آلودگی کے قانون کے مطابق عارضی طور پر لائوڈ اسپیکر استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

دریں اثناء بی جے پی لیڈر کرت سومیانے جو مساجد کے لائوڈ اسپیکرز ہٹانے کے لیے مہم چلا رہے ہیں، دعویٰ کیا کہ کئی مساجد سے لائوڈ اسپیکر ہٹا دیے گئے ہیں ۔ممبئی پولیس نے کہا کہ وہ عدالتی احکامات کی پیروی جاری رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی عبادت گاہ شورکے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی نہ کرے۔