تھرپارکر ،پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ، مائکرو پلان کو بہتر کیا جائے، ڈی سی

جمعہ 28 مارچ 2025 14:20

تھرپارکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیر صدارت پولیو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پولیو مہم کا یونین کونسل سطح پر جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی صدارت میں پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس میں تھرپارکر میں 21 اپریل 2025 سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے کہا کہ کامیاب پولیو مہم کا دارومدار جامع مائیکرو پلان سمیت یونین کونسل سطح پر کارکردگی کا جائزہ لینے پر ہے ، انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیمیں گھر گھرجا کر 5 سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے دوران کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، اس کے لیے ٹیموں کو پہلے سے تیاری کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

اس لیے پولیو مہم کے حوالے سے مائیکرو پلان کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران پیدائش سے لے کر 5 سال تک کے 03 لاکھ 13 ہزار 698 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مہم کے لیے 1,231 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جس میں 1091 موبائل ٹیمیں، 76 فکسڈ سائٹس، 64 ٹرانزٹ پوائنٹ ٹیمیں شامل ہیں اور 275 ایریا انچارج بھی شامل ہیں، اجلاس میں ایس ایس پی تھرپارکر عادل میمن نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں، ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں کے پوائنٹس پر بھی سیکیورٹی سخت کرنا ہمارے پلان میں شامل ہے، اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ تعلیم، صحت سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔

\378

متعلقہ عنوان :