خیبرپختونخوا پولیس کے 16 افسران کی ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی

جمعہ 28 مارچ 2025 16:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) خیبر پختونخوا پولیس کے 16 افسران کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ۔ انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس کے 16 افسران کو انسپکٹر (BS-16) سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (BS-17) کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ان ترقیوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، جبکہ افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔

یہ ترقیاں خیبر پختونخوا سول سرونٹ ایکٹ 1973 اور پروموشن رولز 2007 کے تحت کی گئی ہیں، جن کی منظوری محکمانہ سلیکشن کمیٹی کے 26 مارچ 2025 کو منعقدہ اجلاس میں دی گئی۔ تمام افسران کو ایک سال کی آزمائشی مدت (پروبیشن) پر ترقی دی گئی ہے، جس کے بعد ان کی مستقل تقرری عمل میں آئے گی۔

(جاری ہے)

ترقی پانے والے افسران میں سائرہ صالح، احسان اللہ، قاضی اسلم، کرامت شاہ، محمد دیار، فضل کریم، امداد اللہ، محمد نعیم، حضرت الدین، اقبال الدین، فیض محمد، عامر زیب، محمد انور، مقدر خان، سعید احمد، محمد اسماعیل شامل ہیں، ترقی کے بعد یہ افسران مزید اہم ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور صوبے میں امن و امان کے قیام میں مزید موثر کردار ادا کریں گے۔

پولیس حکام کے مطابق ترقیوں کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا اور میرٹ کو اولین ترجیح دی گئی ہے ۔