سرینگر ،انجمن اوقاف کی شب قدر، جمعۃ الوداع کے موقع پر جامع مسجد کو سیل کرنے کی مذمت

ہفتہ 29 مارچ 2025 12:47

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے شب قدر اور جمعتہ الوادع پر تاریخی مسجد کو سیل کر نے اور کشمیری مسلمانوں کی یہاں عبادات سے روکنے کے قابض بھارتی انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انجمن نے ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ مسلمانوں کی سب سے بڑی عبادت گاہ کو شب قدر اور جمعۃ الوداع کے موقع پر بند کر دیا گیا۔

بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں نظربندی کی بھی مذمت کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ انتظامیہ کا یہ اقدام کشمیری مسلمانوں کے دینی معاملات میں صریح مداخلت ہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ جامع مسجد کو باربار بند کرنا کشمیری مسلمانوں کے لیے ناقابل قبول ہے ۔