پہلا ون ڈے، عبداللہ شفیق اور عثمان خان نے کیویز کے دیس میں 30 سالہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، اوپنر عثمان خان اور عبداللہ شفیق نے 83 رنز کا آغاز فراہم کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 29 مارچ 2025 12:20

پہلا ون ڈے، عبداللہ شفیق اور عثمان خان نے کیویز کے دیس میں 30 سالہ ریکارڈ ..
نیپئر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 مارچ 2025ء ) نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میں اوپننگ بیٹرز عبداللہ شفیق اور عثمان خان نے کیویز کے دیس میں 30 سالہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ 
3 میچز کی سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے ہرا دیا۔ 
نیپیئر میں کھیلے جارہے تین میچوں کی میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے۔

 
میزبان نیوزی لینڈ کی 3 وکٹیں 50 رنز پر گر گئیں۔ ول ینگ ایک، نک کیلی 15 اور ہینری نکلز 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 3 وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور مارک چیپمین نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور 199 رنزکی شراکت داری بنائی۔ اس دوران مارک چیپمین نے 132 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 13 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے جبکہ ڈیرل مچل 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے 26 گیندوں پر 52 رنز اسکور کیے، جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

 
پاکستان کی جانب سے عرفان خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف اور عاکف جاوید نے2، 2، نسیم شاہ اور محمد علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
پاکستان کی اننگز ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، اوپنر عثمان خان اور عبداللہ شفیق نے 83 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم عثمان 39 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، بعد ازاں عبداللہ شفیق بھی 88 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 36 رنز بنائے۔

عثمان اور عبداللہ کی یہ اوپننگ پارٹنرشپ پچھلے 30 سال میں نیوزی لینڈ میں کسی بھی پاکستانی اوپننگ جوڑی کی دوسری بہترین ون ڈے شراکت داری تھی۔ 
پاکستانی اوپنرز صرف ایک مرتبہ کیویز کے دیس میں پہلی وکٹ پر 100 سے زیادہ رنز کی پارٹنر شپ بنا سکے ہیں جب 2015ء میں احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے پہلی وکٹ کے لیے 111 رنز جوڑے تھے۔ عامر سہیل اور رمیز راجہ نے 1995ء میں نیوزی لینڈ میں 56 اور 51 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔

عمران فرحت اور یاسر حمید نے 2004ء میں نیوزی لینڈ میں 50 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تھی۔ 
کپتان محمد رضوان اور بابراعظم نے تیسری وکٹ کیلئے 76 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم رضوان وکٹ گنوا بیٹھے۔ دیگر کھلاڑیوں میں طیب طاہر، حارث رؤف اور عاکف جاوید نے ایک ایک رنز بنائے جبکہ عرفان خان نیازی اور نسیم شاہ صفر پر پویلین لوٹے۔
بابر اعظم نے سب سے زیادہ 78 رنز بنائے جبکہ سلمان آغا 58 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل سکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے نتھین اسمتھ نے 4، جیکب ڈفی نے 2 جبکہ مائیکل بریسویل اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔