بابر اعظم ، رضوان اب پاکستانی ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی نہیں رہے : محمد حفیظ

بابر اور رضوان کو ٹیم میں بطور کھلاڑی اپنی جگہ کو پرفارمنس سے درست ثابت کرنے کی ضرورت ہے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 اگست 2025 14:01

بابر اعظم ، رضوان اب پاکستانی ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی نہیں رہے : محمد ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 اگست 2025ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے جمعہ کے روز بابر اعظم اور محمد رضوان کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلمان علی آغا قومی ٹیم کے لیے زیادہ اہم کھلاڑی ہیں۔ 
ایک مقامی یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے حفیظ نے واضح کیا کہ اہم کھلاڑی وہ ہیں جو میچ جیتتے ہیں اور حالیہ برسوں میں رضوان اور بابر دونوں ہی میچ وننگ پرفارمنس دینے میں ناکام رہے ہیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ "انہیں اہم کھلاڑی کہنا غلط اور ناانصافی ہوگی۔ بابر اعظم اور محمد رضوان اس وقت پاکستان کرکٹ کے اہم کھلاڑی نہیں ہیں۔ 
کلیدی کھلاڑی وہ ہیں جو پاکستان کے لیے میچ جیتتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ اگر ہم گزشتہ ڈیڑھ سے دو سال پر نظر ڈالیں تو مسلسل کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی سلمان علی آغا، صائم ایوب اور حسن نواز ہیں، ہم ان کے بارے میں بات کیوں نہیں کر رہے، یہ پاکستان کے لیے میچ جیتنے والے موجودہ کھلاڑی ہیں۔

(جاری ہے)

 
حفیظ نے ٹیم میں بابر اور رضوان کی جگہ پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیں بطور کھلاڑی اپنی جگہوں کو درست ثابت کرنے کی ضرورت ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ "میرے خیال میں بابر اور رضوان کو ٹیم میں اپنی پوزیشن کے بارے میں فکرمند ہونے کی ضرورت ہے، انہیں پہلے خود کو اچھے کھلاڑی ثابت کرنے کی ضرورت ہے، اہم کھلاڑی بعد میں آتے ہیں، دونوں ماضی میں اچھے تھے لیکن اب وہ نتائج نہیں دے رہے۔

انہوں نے دونوں کو دوبارہ فارم میں آنے کا مشورہ دیا اور نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی پرفارمنس پر بھی تنقید کی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں کو کھیل میں مکمل طور پر شامل ہونے کی ضرورت ہے ورنہ نتائج نہیں آئیں گے۔ یہی بات نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کے لیے ہے وہ بھی پاکستان کے لیے میچ وننگ پرفارمنس نہیں دے رہے ہیں۔

 
حفیظ نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کرکٹ کو بڑے ناموں کی ضرورت نہیں بلکہ ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو اگلی دہائی تک مسلسل کارکردگی دکھا سکیں۔ 
سابق آل رائونڈ بولے کہ "ہمیں ان کھلاڑیوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جو اگلے 10-15 سالوں کے لیے اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ ہمارا میڈیا ایک یا دو کھلاڑیوں پر تنقید کرتا ہے اور ایک یا دو دوسرے کو ہائیپ کرتا ہے جو کہ غلط ہے۔

ہمیں ان کے بارے میں بات کرنے کی ضرورت ہے جو اصل میں کارکردگی دکھا رہے ہیں"۔ 
انہوں نے سوشل میڈیا پر زبردست پبلک ریلیشنز مہم چلاتے ہوئے پاکستان کرکٹ کو میدان میں ناکام بنانے پر کھلاڑیوں کو مزید تنقید کا نشانہ بنایا۔ 
حفیظ نے پی سی بی پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ "اگر ہم پاکستان کرکٹ کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو وہ جو ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں ہیں اور جو گراؤنڈ پر منصوبوں پر عمل کر رہے ہیں، انہیں ان مسائل کو فوری طور پر حل کرنا چاہیے۔"