معروف امریکی باڈی بلڈرہیلی میک نیف37سال کی عمرمیں چل بسیں

ہفتہ 16 اگست 2025 13:40

معروف امریکی باڈی بلڈرہیلی میک نیف37سال کی عمرمیں چل بسیں
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)معروف امریکی باڈی بلڈر ہیلی میک نیف اچانک 37 سال کی عمر میں اچانک فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف امریکی باڈی بلڈر ہیلی میک نیف مقامی سطح پر باڈی بلڈنگ کی چیمپئن بھی رہ چکی تھیں۔ وہ غذائیت اور صحت سے متعلق کوچ اور نیوٹریشنسٹ بھی تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی میک نیف کی موت کی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی ہے، سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں کی جانب سے ان کی موت پر دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہیلی میک نیف نے گریجویشن تک تعلیم حاصل کی تھی اور انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد سائیکولوجی میں مزید اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی باڈی بلڈرز کم عمری میں ہی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

(جاری ہے)

باڈی بلڈنگ میں خاص مقام رکھنے والے بیلاروسی تن ساز الیا ییویمچک جنھیں دنیا کے سب سے بڑے باڈی بلڈر کے طور پر جانا جاتا تھا، وہ بھی گزشتہ برس 36 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئے تھے، اس خبر نے باڈی بلڈنگ کی دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

’’دی بیسٹ‘‘ کی عرفیت سے مشہور ییویمچک کو اچانک دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے وہ کوما میں چلے گئے، انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز انھیں بچانے میں ناکام رہے اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔الیکٹرو کارڈیالوجی کے پروفیسر اور مصری ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال شعبان نے ییویمچک کی موت کی اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ انھیں ’دل کا دورہ‘ پڑا تھا۔