بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اجلاس

ہفتہ 29 مارچ 2025 21:41

بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے حوالے ..
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے نوڈیر بھٹو ہاؤس میں اجلاس ہوا جہاں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنر شرجیل نور چنہ نے ضلع میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مختلف گاؤں سے لاڑکانہ شہر آنے والے راستوں پر 32 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر ہوئی ہے، مختلف نہروں پر 17 چھوٹے پُل تعمیر کئے گئے ہیں، این اے 194 کے 20 اسکول سولرائزڈ کیے گئے ہیں، سیلاب میں تباہ ہونے والے صحت کے 12 مراکز کو ازسرنو تعمیر کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انڈس ہائی وے کو جانے والے وگن روڈ کو دوطرفہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی چوک سے چانڈکا پُل تک شہر کی مرکزی شاہراہ حیات محمد خان شیرپاؤ کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر کے 27 مختلف مقامات پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جارہی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اپنے حلقہ انتخاب 194 میں ترقیاتی کاموں کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کمشنر طاہر سانگی، میئر انور لہڑ کے علاوہ نثار کھوڑو، جمیل سومرو، سہیل سیال، نذیر بگھیو، عادل انڑ، خورشید جونیجو، اعجاز لغاری اور خیرمحمد شیخ نے بھی شرکت کی۔