بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اجلاس

ہفتہ 29 مارچ 2025 20:50

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنر شرجیل نور چنہ نے ضلع میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں کمشنر طاہر سانگی، میئر انور لہڑ کے علاوہ نثار کھوڑو، جمیل سومرو، سہیل سیال، نذیر بگھیو، عادل انڑ، خورشید جونیجو، اعجاز لغاری اور خیرمحمد شیخ شریک تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ڈی سی لاڑکانہ کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف گائوں سے لاڑکانہ شہر آنے والے راستوں پر 32 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر ہوئی ہے۔مختلف نہروں پر 17 چھوٹے پل تعمیر کئے گئے ہیں، این اے 194 کے 20 اسکول سولرائزڈ کیے گئے ہیں۔سیلاب میں تباہ ہونے والے صحت کے 12 مراکز کو ازسرنو تعمیر کردیا گیا۔ انڈس ہائی وے کو جانے والے وگن روڈ کو دوطرفہ کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی چوک سے چانڈکا پل تک شہر کی مرکزی شاہراہ حیات محمد خان شیرپائو کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔ شہر کے 27 مختلف مقامات پر سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی جارہی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے حلقہ انتخاب 194 میں ترقیاتی کاموں کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔