ملازمین مریضوں و لواحقین کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آئیں، شکائیت کی صورت میں قواعد و ضوابط کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی،ایم ایس

اتوار 30 مارچ 2025 14:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2025ء) صوبائی وزیر صحت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کے احکامات کی روشنی میں لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے عید الفطر کی سرکاری تعطیلات کے دوران مریضوں کو علاج معالجے کی بر وقت سہولیات کی فراہمی کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے گریڈ 20 کے ڈاکٹر یحییٰ سلطان کو ڈائریکٹر ایمرجنسی لاہور جنرل ہسپتال مقرر کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں-میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا کہ انتظامی ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جودئیے گئے شیڈول کے مطابق تین شفٹوں میں فرائض سر انجام دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت ایمرجنسی میں مریضوں کو بغیر پرچی فیس ادویات ،تشخیصی ٹیسٹ و دیگر سہولیات مفت دستیاب ہوں گی ۔ایم ایس نے تمام شعبوں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ عید کے ایام میں اپنے موبائل فون آن رکھیں ۔انہوں نے شعبہ ورکس کے ملازمین کو ہدایت کی کہ تمام جنریٹر اپ ڈیٹ رکھیں اور ان ایام میں الیکٹریشن و دیگر سٹاف کی ڈیوٹی پر حاضری یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے سینٹری انسپکٹرز کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ہسپتال آنے والے افراد کو خوشگوار ماحول ملے اور وہ مثبت تاثرات لے کر جائیں ۔انہوں نے سکیورٹی گارڈز کو بھی اپنی ڈیوٹی کے دوران چاک و چوبند رہنے کی ہدایت اور کہا کہ وہ مریضوں ولواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا کریں ، شکائیت کی صورت میں قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے اے ایم ایس ایڈمن اور نرسنگ انتظامیہ کو بھی واضح ہدایت کی اپنے اپنے ماتحت سٹاف سے ڈیوٹی اوقات کی سختی سے پابندی کروائی جائے ، غیر حاضر رہنے یا تاخیر آنے والے ملازمین کے خلاف بلا تاخیر محکمانہ کاروائی عمل میں لائیں ۔انہوں نے اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس سے بھی کہا کہ وہ دوسری شفٹ کو چارج دیئے بغیر نہیں جا سکیں گے اگر کسی شعبے میں بد انتظامی پائی گئی تو متعلقہ ڈی ایم ایس جوابدہ ہونا ہوگا-ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر ہسپتال میں مریضوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں -