نیوزی لینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو بآسانی 84 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

بدھ 2 اپریل 2025 12:30

ہیملٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2025ء) نیوزی لینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو بآسانی 84 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پاکستان ٹیم 293 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 42 ویں اوور میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ نیوزی لینڈ کے بین سیئرز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کیوی وکٹ کیپر بیٹر مچل ہے کو 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ گزشتہ روز سیڈن پارک، ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ کیوی اوپنرز نے ٹیم کو 54 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ نک کیلی 31 اور ریس ماریو 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

ڈیرل مچل 18، ہینری نکولس 22 ، مائیکل بریسویل 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 132 پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد مچل ہے نے بڑے ہدف کی راہ ہموار کی اور 78 گیندوں پر 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 292 تک پہنچا دیا۔ ان کی اننگز میں 7 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔ پاکستانی نژاد محمد عباس 41 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔ محمد وسیم اور سفیان مقیم نے دو، دو جبکہ فہیم اشرف، عاکف جاوید اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

293 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور محض 72 رنز پر 7 وکٹیں گر گئیں۔ عبداللہ شفیق اور بابر اعظم ایک، ایک، امام الحق 3، کپتان محمد رضوان 5 اور سلمان آغاز 9، طیب طاہر 13 اور محمد وسیم ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر فہیم اشرف نے مزاحمتی اننگز کھیلی اور 73 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 174 تک پہنچا دیا۔ حارث رؤف باؤنسر لگنے سے کنکشن کا شکار ہوئے اور کنکشن رولز کے تحت نسیم شاہ ان کی جگہ بیٹنگ کے لیے آئے جو پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے۔

نسیم شاہ نے جارحانہ بیٹنگ کی اور پاکستان کو 200 رنز عبور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے سات چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ سفیان مقیم 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 41.2 اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بین سیئرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جیکب ڈفی کے حصے میں تین جبکہ ول اورورک اور نیتھن اسمتھ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ مچل ہے کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 5 اپریل کو مائونٹ مینگنوئی میں کھیلا جائے گا۔