{اداروں کو درست سمت پر ڈالنے سے ریاست میں تعمیر و ترقی جاری ہے

/وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے بھمبر میں عوامی مسائل سنے،فوری حل کیلئے متعلقہ محکمہ جات کواحکامات جاری

بدھ 2 اپریل 2025 18:05

بھمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2025ء)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے بھمبر میں عوامی مسائل سننے کے بعد فوری طور پر حل کے لیے متعلقہ محکمہ جات کواحکامات دیئے،اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے قرب و جوار سے آئے وفود سے ملاقاتیں کیں۔ضلع بھر کے مختلف مقامات سے آئے معززین،زعما،عمائدین سے بھی ملاقاتیں کیں۔

وکلاء سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے بھی افراد نے ملاقات کی،ملاقات کرنے والوں میں سابق امیدوار اسمبلی چوہدری رزاق،سابق ممبر ضلع کونسل چوہدری یوسف،صدرسماہنی بار چوہدری منیر اللہ ایڈووکیٹ،ٹھیکیدارامتیازحسین،سینئرصحافی ناصرشریف بٹ محسن حبیب،پروفیسر راجہ عبدالرحمان،محمودہاشم،ایڈووکیٹ معین الرحمان،راجہ حبیب الرحمان،عبدالشکور،راجہ عمران و دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے اس موقع پر کہاکہ عوام کے مسائل کوحل کرنا انکاعزم ہے۔ریاست بھر کے عوام کی بلاتفریق خدمت مشن ہے،حکومت آزادکشمیرنے اجتماعی سطح پرعوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کیا۔حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے،اجتماعی نوعیت کے کاموں پرزیادہ توجہ دی ہے۔اداروں کو درست سمت پر ڈالنے سے ریاست میں تعمیر و ترقی جاری ہے۔

اداروں میں شفافیت،گڈگورننس ہیلتھ پیکج،این ٹی ایس،سوشل پروٹیکشن پروگرام سمیت دیگردرجنوں منصوبہ جات و تعمیر و ترقی سے عوام کو اجتماعی سطح پر فائدہ ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 97 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا تاریخی ہیلتھ پیکج دیا۔ موجودہ حکومت میرٹ پرکام کررہی ہے،سٹیٹس کو کو توڑا ہے۔میرٹ پر تقرریاں ہوئیں۔3100 امیدواران این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر لگے۔

پی ایس سی کو شفاف انداز میں فعال کیا۔سوشل پروٹیکشن فنڈ سے مایوس و بیحال طبقے کی سرپرستی ریاست نے کی،حکومت آزادکشمیر ریاست بھر میں عوام کو ترقی کے یکساں مواقع دے رہی ہے،وسائل کی منصفانہ تقسیم کی گئی ہے۔اس موقع پر عمائدین،زعماء اور وکلاء نے وزیراعظم کو عید کی مبارکباد دی اور ریاست میں گڈ گورننس کے وزیراعظم کے اقدامات کو بے حد سراہا۔انہوں نے وزیراعظم کو میرٹ کی بحالی،گڈ گورنس کے فروغ اور شفافیت پر خراج تحسین پیش کیا