باغبانوں کو امرود کے نئے پودے لگانے کا عمل 30اپریل تک مکمل کرنے کی سفارش

جمعرات 3 اپریل 2025 17:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) ماہرین زراعت نے باغبانوں کو امرود کے نئے پودے لگانے کا عمل30اپریل تک مکمل کرنے کی سفارش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ اپریل کا مہینہ امرود کے نئے پودے لگانے کیلئے انتہائی موزوں ہے کیونکہ اس مہینہ میں لگائے گئے پودے بہتر پرورش کے حامل ہو سکتے ہیں۔ماہرین زراعت کے مطابق امرود کے پودے لگانے کیلئے بھاری میرا سے ہلکی ریتلی اورہر قسم کی زمین کا چناؤ کیاجا سکتا ہے تاہم نرم اور زرخیز زمین امرود کی کاشت کیلئے آئیڈیل ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ اچھی پیداوار کے حصول کیلئے امرود کی اقسام سفیدی، صراحی، چھوٹی صراحی، کریلا، حصفی اور بے دانہ بہترین نتائج کی حامل ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ جہاں پودا لگانا مقصود ہو وہاں 3مکعب فٹ سائز کے گڑھے کھودنے چاہئیں اور گڑھا کھودتے وقت اوپر کی 30سینٹی میٹر مٹی ایک طرف جبکہ باقی مٹی دوسری طرف کر دینی چاہیے اور ان گڑھوں کو 2سے 3ہفتے تک کھلا چھوڑ دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ امرود کے نئے پودے لگانے سے 2ہفتے قبل گڑھوں کی اوپر والی ایک فٹ مٹی کے برابر ایک حصہ بھل اور ایک حصہ گوبر کی گلی سڑی کھاد اچھی طرح ملا کر بھر دینی چاہیے تاکہ پودے کی بہترین افزائش نسل یقینی ہو سکے۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :