اقوام متحدہ کی شام میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی مذمت

یو این جمعرات 3 اپریل 2025 21:15

اقوام متحدہ کی شام میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 03 اپریل 2025ء) شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے جیئر پیڈرسن نے ملک میں اسرائیل کے متواتر بڑھتے فضائی حملوں کی مذمت کی ہے جن میں متعدد شہریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ایسی کارروائیوں سے شام کے اندر اور خطے میں اس کے ہمسایوں کے ساتھ قیام امن کی کوششوں کو نقصان ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملک اس وقت حساس دور سے گزر رہا ہے جس میں ایسے حملوں سے عدم استحکام میں مزید شدت آئے گی۔

خصوصی نمائندے نے شام کی خودمختاری اور اس کے ساتھ معاہدوں کا احترام کرنے اور اس کی سرزمین پر یکطرفہ کارروائیاں روکنے کے لیے زور دیتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حملے بند کرے جو کہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے تمام فریقین سے کہا ہے کہ وہ سلامتی سے متعلق تمام مسائل کے سفارتی حل اور بات چیت کو ترجیح دیں اور مزید کشیدگی سے گریز کریں۔