دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث ائیر انڈیا کا طیارہ گرنے کی وجہ بنی ، ابتدائی رپورٹ جاری

ایندھن کنٹرول کرنے والے دونوں سوئچز ایک سیکنڈ کے فرق سے ''CUTOFF'' پوزیشن میں چلے گئے تھے، بھارت کے ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیو رو کی رپورٹ

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 12 جولائی 2025 13:06

دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث ائیر انڈیا کا طیارہ ..
ممبئی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جولائی 2025)ایندھن کی سپلائی منقطع ہونے سے انجن بند ہوا،دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث ائیر انڈیا کا طیارہ گرنے کی وجہ بنی،بھارتی شہراحمد آباد میں مسافر بردار طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی،بھارت کے ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیو رو کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث پیش آیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایندھن کنٹرول کرنے والے دونوں سوئچز ایک سیکنڈ کے فرق سے یکے بعد دیگرے ''CUTOFF'' پوزیشن میں چلے گئے تھے۔ ایندھن کی سپلائی منقطع ہونے سے انجن بند ہوا اور جہاز نیچے آنے لگا۔رپورٹ میں بوئنگ اور انجن بنانے والے اداروں کے خلاف کوئی کارروائی تجویز نہیں کی گئی  تاہم کہا گیا ہے کہ مکمل تحقیقات میں ایک سال سے زائد عرصہ لگ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید یہ بھی بتایاگیاکہ کاک پٹ ریکارڈنگ میں ایک پائلٹ کو دوسرے سے پوچھتے سنا گیا کہ اس نے ''کٹ'' کیوں کیا؟ تو دوسرے پائلٹ نے جواب دیا کہ اس نے ایسا نہیں کیا تاہم رپورٹ میں سوئچ ''CUTOFF'' ہونے کی بھی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کیلئے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیاتھا۔

حادثے میں مسافروں سمیت 294 افراد ہلاک ہوگئے تھے شہری آبادی پر طیارہ گرنے کے بعد کئی زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔ طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ٹائمز آف انڈیا نے احمد آباد کے پولیس کمشنر جی ایس ملک کے حوالے سے بتایا تھا کہ پولیس کو طیارہ حادثے میں ایک مسافر زندہ ملا تھا۔

ڈی جی سی اے کے ذرائع کے مطابق روانگی کے فوراً بعد طیارہ ہوائی اڈے کی حدود سے باہر زمین پر گر گیاتھا۔ حادثے کی جگہ سے گھنا سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کیلئے روانہ ہوئی تھی، انڈیا ٹوڈے کے مطابق طیارے کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیاتھا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ایئرانڈیا کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب رہائشی آبادی کے قریب گرا تھا۔