سعودی عرب ،جدہ میں بجلی سے چلنے والی ماحول دوست بس سروس کا آغاز

جمعہ 4 اپریل 2025 10:40

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2025ء) سعودی عرب کے شہر جدہ میں بجلی سے چلنے والی ماحول دوست بس سروس کا آغاز کردیا گیا ۔ عکاظ اخبار کے مطابق جدہ شہر میں ٹریفک ازدہام پرقابو پانے اور لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے بجلی سے چلنے والی بس سروس شروع کی گئی ہے جن میں مسافروں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے معیاری سہولت فراہم کی گئی ہے،ابتدائی مرحلے میں اہم روٹس پر الیکٹریکل بسیں فراہم کی گئی ہیں جن کی تعداد 76 ہے جبکہ 19 روٹس کے مجموعی سٹیشنز کی تعداد 91 ہے۔

(جاری ہے)

تمام بسوں کا مرکزی سٹیشن ’البلد‘ ہے جہاں سے مختلف روٹس کے لیے یہ بسیں دستیاب ہیں۔الیکٹریکل بسوں کے مرکزی ٹریکس میں شاہ فہد روڈ (روٹ 9) شہزادہ متعب روڈ (روٹ 8 اے) المکروہ روڈ (روٹ 9 بی) اور اولڈ مکہ روڈ (روٹ 10) اس کے علاوہ صنعتی زون کے لیے متعدد روٹس پر عوامی بس سروس کی سہولت موجود ہے۔واضح رہے جدید بسیں جنہیں بجلی سے جارچ کیا جاتا ہے انتہائی جدید ترین ٹیکنالوجی کی حامل ہیں جن میں نہ تو انجن کا شور ہوتا ہے اور نہ ہی ان سے دھواں نکلتا ہے جس کی وجہ سے انہیں ماحول دوست کہا جاتا ہے۔