قابض انتظامیہ سکیورٹی کلیئرنس کے نام پر کشمیریوں کو ہراساں کر رہے ہیں:روح اللہ مہدی

جمعہ 4 اپریل 2025 14:15

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء)نیشنل کانفرنس کے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا روح اللہ مہدی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی کلیئرنس کے نام پر کشمیریوںکو ہراساں کئے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا سید روح اللہ مہدی نے بھارتی پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ سکیورٹی کلیئرنس کے نام پر آزادی پسند کشمیریوں اورانکے اہلخانہ کوانتقام کا نشانہ بنانے کیلئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ "اگر کوئی کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں شامل پایا جاتا ہے، تو اس کے پورے خاندان اور دیگر رشتہ داروں کوبدترین انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایاجاتا ہے،اسکی ملازمت کیلئے سکیورٹی کلیئرنس ، پاسپورٹ کی منظوری، حکومتی معاہدوں اور کاروباری کیلئے دیگرمنظوریوں سے بھی منظم طریقے سے انکار کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی آئین اور قانون کے خلاف ورزی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے یہ مسئلہ بھارتی وزارت داخلہ کے ساتھ اٹھایا تھا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔