پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا 5واں کمزور ترین پاسپورٹ قرار

صومالیہ اور شمالی کوریا جیسے ممالک کے پاسپورٹ بھی پاکستانی پاسپورٹ سے زیادہ بہتر قرار دے دیے گئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 4 اپریل 2025 19:13

پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا 5واں کمزور ترین پاسپورٹ قرار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اپریل 2025) پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا 5واں کمزور ترین پاسپورٹ قرار، صومالیہ اور شمالی کوریا جیسے ممالک کے پاسپورٹ بھی پاکستانی پاسپورٹ سے زیادہ بہتر قرار دے دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ کی درجہ بندی کے حوالے سے نئی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس میں پاکستانی پاسپورٹ ایک بار پھر دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹ والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

نوماڈ کیپیٹلسٹ کی جانب سے سال 2025 کیلئے جاری کردہ نئی فہرست کے مطابق دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ رکھنے والے ملک کا تعلق یورپ سے ہے اور یہ اعزاز اس بار آئرلینڈ کو حاصل ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئرلینڈ 109 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جہاں شہری 176 ممالک میں ویزا لیے بغیر سفر کرسکتے ہیں، شہریوں پر ٹیکس 30، لوگوں کی رائے اور آزادی کے 50،50 پوائنٹس ہیں، فہرست میں 108.50 پوائنٹس کے ساتھ سوئٹزر لینڈ دوسرے، 108.50 پوائنٹس کے ساتھ یونان تیسرے، 108 پوائنٹس کے ساتھ پرتگال چوتھے اور 107.50 پوائنٹس کے ساتھ مالٹا پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ فہرست میں پاکستان آخری سے پانچویں نمبر پر ہے، یعنی پاکستان کا شمار بدترین پاسپورٹ رکھنے والے ممالک میں ہوتا ہے جو صرف 32 پوائنٹس کے ساتھ 195 ویں نمبر پر موجود ہے۔ صومالیہ اور شمالی کوریا جیسے ممالک کے پاسپورٹ کو بھی پاکستان سے بہتر قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ پاکستان کے بعد عراق 31.50 پوائنٹس، اریٹیریا 31 پوائنٹس، یمن 30.50 پوائنٹس اور سب سے کمزور پاسپورٹ افغانستان کا ہے جو 27 پوائنٹس کے ساتھ 199ویں نمبر پر موجود ہے۔