جرمنی، پاکستانی طالب علم جھیل میں نہاتے ڈوب کر جاں بحق

یورپ کی شدید گرمی سے بچنے کی کوشش پاکستانی نوجوان کو موت کے منہ میں لے گئی،مومن نہاتے ہوئے اچانک وہ اپنے دوستوں کی نظروں سے اوجھل ہوگیا، پولیس نے ریسکیو آپریشن کے دوران لاش کو ہسپتال منتقل کیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 جولائی 2025 13:02

جرمنی، پاکستانی طالب علم جھیل میں نہاتے ڈوب کر جاں بحق
فرینکفرٹ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05جولائی 2025)جرمنی میں پاکستانی طالب علم جیل میں نہاتے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا،یورپ کی شدید گرمی سے بچنے کی کوشش پاکستانی نوجوان کو موت کے منہ میں لے گئی، گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والا مومن عثمان مقامی یونیورسٹی میں زیرتعلیم تھا۔ مومن عثمان دوستوں کے ہمراہ جھیل میں نہانے گیا تھا،اے آر وائی نیوز کے مطابق افسوسناک واقعہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ پیش آیا جب مومن عثمان دوستوں کے ہمراہ جھیل پر نہانے گیا تھا۔

مومن دوست کے ہمراہ گرمی کی شدت کو دورکرنے کی غرض سے قریبی جھیل میں گیاتھا۔نہاتے ہوئے اچانک وہ اپنے دوسرے دوست کی نظروں سے اوجھل ہوا تو دوستوں کو تشویش ہوئی اور انہوں نے مومن کو ڈھوناشروع کردیا وہاں پر موقع پر موجود افراد نے بھی مومن عثمان کو تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ مل سکا۔

(جاری ہے)

بعدازاں پولیس کو اطلاع کی گئی جنہوں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا غوطہ خوروں نے عثمان کی نعش کو جھیل سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔

مومن عثمان کی اچانک موت نے ان کے خاندان اور پاکستانی برادری کو غم زدہ کر دیا، پاکستانی قونصل جنرل نے میت پاکستان بھجوانے کیلئے مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرلیا ہے۔گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والامومن عثمان جرمنی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی ڈارمشٹاڈ میں ماسٹرز کی ڈگڑی کیلئے پڑھائی کررہا تھا۔ پاکستانی قونصل جنرل شفاعت کلیم خٹک نے مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرکے مطالبہ کیا کہ میت کو جلد از جلد ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے پاکستان بھیجنے کا بندوبست کیا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وادی نیلم میں گاڑی دریامیں جاگری تھی۔حادثے میں خواتین سمیت6افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور پولیس کی بھاری کی نفری موقع پر پہنچ گئی تھی۔گاڑی میں سوار خاندان کا تعلق مظفرآباد سے تھا۔ بتایا گیا تھا کہ وادی نیلم میں کریم آباد کے مقام پرگاڑی کو موڑ کاٹتے ہوئے حادثہ پیش آیاتھاجس کے نتیجے میں 5خواتین سمیت 6 جاں بحق ہوگئے تھے۔

ڈی ڈی ایم اے نیلم کے مطابق دریائے نیلم میں چلہانہ کے مقام پر گاڑی گہری کھائی میں جاگری تھی۔حادثے میں چھ افراد جاں بحق ہوئے تمام چھ افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا تھا۔ڈی ڈی ایم اے نیلم کا کہنا تھا کہ حادثے میں ایک بچہ لاپتہ ہے جس کی تلاش کیلئے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں آپریشن جاری رکھے ہوئے تھے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ امدادی کارروائیوں میں دشوار گزار راستے اور اندھیرے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔