حکومت پنجاب نے 16ارب کی لاگت سے انسانی جانوں، ادویات، فصلات اور مویشیوں کے تحفظ کیلئے پفڈا قائم کیا‘سیکرٹری داخلہ

سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کے زیر صدارت پی اے ایف ڈی اے کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر جائزہ اجلاس

ہفتہ 5 اپریل 2025 18:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2025ء) پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ( پی اے ایف ڈی اے )کے قیام کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پفڈا کی نئی عمارت اور لیبارٹریز کو باضابطہ طور پر پی اے ایف ڈی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے زریعے 266 عہدوں پر بھرتی کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا جبکہ بھرتی کیلئے ٹیسٹس کا دوسرا مرحلہ آج اور کل 5 اور 6 اپریل کو مکمل ہوگا۔

یہ تفصیلات سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کی زیر صدارت پی اے ایف ڈی اے کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر جائزہ اجلاس کے دوران سامنے آئیں۔ محکمہ داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ڈائریکٹر جنرل پفڈا ڈاکٹر طلعت پاشا، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ پفڈا کے خوراک، زراعت، اور دواسازی کے شعبوں میں متعدد اہم عہدوں پر بھرتیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

اسی طرح پفڈا لیبارٹریوں کو جدید ترین آئی ٹی آلات اور ضروری انفراسٹرکچر سے لیس کیا جارہا ہے۔ پفڈا کیلئے پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے لیب انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (LIMS)تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ سسٹم ناصرف پفڈا لیبارٹریز اور دفاتر بلکہ متعلقہ محکموں میں کام کرنے والی لیبارٹریز کے ڈیٹا کو بھی یکجا اور مربوط کرے گا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے اس موقع پر ڈی جی پفڈا کو ہدایت کی کہ لیبارٹری آلات کی خریداری اور بھرتی کے عمل میں مکمل شفافیت کو برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پفڈا لیبارٹریز کی فرنشننگ اور سیٹ اپ کو اسی ماہ 100 فیصد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 16 ارب کی لاگت سے انسانی جانوں، ادویات، فصلات اور مویشیوں کے تحفظ کیلئے پفڈا قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پفڈا لیبارٹریز کو جلد از جلد فعال کرنا ضروری ہے تاکہ پنجاب کے عوام مستفید ہو سکیں۔ سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (پی اے ایف ڈی ای)حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔

محکمہ صحت، زراعت اور خوراک کی موجودہ لیبارٹریاں بھی پفڈا کے انتظامی کنٹرول میں ہوں گی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے رواں مالی سال کے دوران پفڈا کی تکمیل کیلئے 5.5 ارب کے فنڈز فراہم کیے ہیں کیونکہ فوڈ سیفٹی، ڈرگ ریگولیشن اور زرعی ترقی کیلئے پفڈا کا مضبوط انفراسٹرکچر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ پفڈا میں موجود لیبارٹریز کو عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ صوبہ بھر میں خوراک اور ادویات کے معیار کو یقینی بنایا جائے۔ پفڈا کا قیام صحت عامہ، فوڈ سیفٹی، ڈرگ ریگولیشن اور زرعی مسائل کے حل کیلئے نہایت اہم ہے۔