اپنےوقت، مال اور صلاحیتوں کو مخلوق خدا کی بھلائی میں استعمال کریں، انجینئر ثنا اللہ خان

ہفتہ 5 اپریل 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2025ء) منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے زیر اہتمام گزشتہ روزخدمت خلق کی اہمیت کے موضوع پر ایک فکری نشست کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر فاونڈیشن انجینئر ثنا اللہ خان نے کہا کہ اسلام ایک ایسا دین ہے جو عبادات کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت پر بھی زور دیتا ہے۔

قرآن و سنت میں خدمت خلق کو ایک عظیم عمل قرار دیا گیا ہے۔ خدمت خلق کا مطلب ہے مخلوق خدا کی بھلائی، مدد اور آسانی پیدا کرنا ،چاہے وہ انسان کسی بھی رنگ و نسل، مذہب یا قوم سے ہو، منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے تمام عہدیداران اور رضا کار مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ شب و روز دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ انجینئر ثنا اللہ خان نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاونڈیشن فلاحی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔

(جاری ہے)

تعلیم، صحت، امدادی سرگرمیوں اور یتیم بچوں کی کفالت کے شعبوں میں پورے ملک میں خدمات جاری ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاونڈیشن نے ملک بھر میں فری میڈیکل کیمپس، صاف پانی کے منصوبے اور قدرتی آفات کے دوران ریلیف سرگرمیوں کے ذریعے عوام کی خدمت کی ہے جو متاثرہ علاقوں میں اب بھی جاری ہے۔ فکری نشست میں امجد چودھری، ثاقب بھٹی، ممتاز کھچی، حاجی احمد صادق، حاجی خالد، طارق الطاف،رانا بشیر سمیت دیگر راہنماؤں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :