فیصل آباد ، چنیوٹ کی 42 سڑکوں کی مرمت ،بحالی و کشادگی کیلئے منصوبہ بندی کرلی

پیر 7 اپریل 2025 19:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2025ء)ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد نے گنے کے کاشتکاروں سے دوستی کا عملی ثبوت دیتے ہوئے شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس فنڈ سے فیصل آباد،چنیوٹ کی 42 سڑکوں کی مرمت ،بحالی و کشادگی کیلئے منصوبہ بندی کرلی۔ ان سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام گزشتہ6 سال سے التواء کا شکار تھا ۔کمشنر مریم خان نے ڈویژنل شوگرکین ڈویلپمنٹ سیس کمیٹی اجلاس میں تجویز کردہ سکیموں کا جائزہ لیا۔

فیصل آباد کی24 ،اور چنیوٹ کی18 سڑکوں کی مرمت بحالی و کشادگی کیلئی1 ارب،35 کروڑ ، 39 لاکھ روپے تخمینہ لاگت مقرر کیا گیا ہے۔کمشنر نے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصل آباد کی22،اور چنیوٹ کی17 سڑکوں کی شوگر کین سیس فنڈ سے مرمت ، بحالی و کشادگی کی منظوری دے دی جبکہ انہوں نے فیصل آباد کی2،اور چنیوٹ کی ایک سڑک کے کیسز قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد کمیٹی کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر،ایڈیشنل کمشنرز،کوآرڈینیشن،کنسولیڈیشن،شوگر ملز نمائندگان،ایس،ای پراونشل ہائی ویز ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ،ایکسئینز محکمہ ہائی ویز،محکمہ زراعت خوراک و دیگر محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی-کمشنر مریم خان کا اس موقع پر کہنا تھاکہ منظور شدہ سڑکوں پر کام جلد از جلد شروع کرایا جائے۔سڑکوں کی بحالی سے فارم ٹو شوگر ملز گنے کی ترسیل میں آسانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سڑکوں کی منظوری کیلئے بھی جلد اجلاس طلب کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :