ایک اور وعدہ وفا ہوگیا ، مریم نوازراشن کارڈ کی بدولت ہرمحنت کش مستفید ہوگا‘ملک فیصل ایوب کھوکھر

جمعہ 4 جولائی 2025 22:49

ایک اور وعدہ وفا ہوگیا ، مریم نوازراشن کارڈ کی بدولت ہرمحنت کش مستفید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)صوبائی وزیر برائے لیبر و افرادی قوت پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں محنت کشوں سے کیا گیا وعدہ پورا ہو چکا ہے، پنجاب بھر میں محنت کش خاندانوں کے لیے ایک انقلابی ریلیف پیکج کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت 12لاکھ مستحق خاندانوں کو راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ 3 ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہ مریم نواز راشن کارڈ کی بدولت ہر گھر میں راشن پہنچے گا۔ یہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا فلاحی اقدام ہے جس سے براہ راست محنت کش طبقہ مستفید ہوگا جبکہ اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز ڈسٹرکٹ وائز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں بہاولپور، مظفرگڑھ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، قصور اور لاہور سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ہر ماہ مزید اضلاع کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا اور آئندہ پانچ سے چھ ماہ میں تمام اضلاع میں راشن کارڈ کی تقسیم مکمل کر لی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ محکمہ لیبر، بینک آف پنجاب، PITB اور دیگر متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے اور راشن کارڈ کی تقسیم کا عمل روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ راشن کارڈ میں کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ محکمہ لیبر میں 75 سال بعد تاریخی قانونی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ "وزارت محنت میں ماضی میں کبھی ایسا انقلابی قدم نہیں اٹھایا گیا"، انہوں نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے افسران و عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر نے سوشل سیکیورٹی اداروں کے حوالے سے بھی متعدد اعلانات کیے کہ تمام سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے،ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے پرانی مشینری کو تبدیل کیا جا رہا ہے،تمام ہسپتالوں میں ڈبل شفٹ اور ڈینٹل سرجنز کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے، حالیہ بورڈ اجلاس میں فزیو تھراپسٹ کی نئی سیٹوں کی بھی منظوری دے دی گئی ہے اور پنجاب بھر میں ڈے کئیر سینٹرز کی حالت بہتر بنانے کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ پنجاب میں کم ازکم اجرت 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اختتام پر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی عوام دوست قیادت اور محنت کشوں کے لیے ان کی سنجیدگی کا ثبوت ہیں۔ "پنجاب میں کوئی بھی محنت کش نظر انداز نہیں ہوگا۔ ہم سب کو رجسٹرڈ کریں گے اور ان کی فلاح کو یقینی بنائیں گے۔