سرینگر،بارہمولہ کے رہائیشیوں کا قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

منگل 8 اپریل 2025 22:59

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع بارہمولہ کے رہائشیوں نے قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقامی دکانداروں اور پرانے شہر کے رہائشیوں سمیت مظاہرین نے علاقے میں خاص طور پر دریائے جہلم کے کنارے آزاد گنج سے کھادنیار تک سڑکوں کی خستہ حالی کے خلاف احتجاج کیا۔

ککرحمام کے قریب جمع ہونے والے مظاہرین نے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے میں ناکامی پر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اورسرینگر-اوڑی ہائی وے کو کئی گھنٹوں تک بند کردیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ سڑک گڑھوں سے بھری پڑی ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناہے اور لوگوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

(جاری ہے)

ایک مقامی رہائشی محمد امین نے بتایاکہ پورے پرانے شہر کے علاقے کو انتظامیہ نے برسوں سے نظر انداز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بار بار احتجاج کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ آج ہم نے احتجاجاً اپنی دکانیں بند کر دیں کیونکہ سب سے زیادہ نقصان تاجر برادری کو ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان اور بزرگ اس صورتحال سے تنگ آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج ان کے مطالبات کو مسلسل نظر انداز کرنے کے بعد آخری چارہ کارکے طورپر کیاگیا۔ مقامی لوگوں نے خبردارکیا کہ اگر ان کے مطالبات فوری طورپر نہ مانے گئے تو وہ اپنے احتجاج کو مزید تیز کریں گے۔

متعلقہ عنوان :