جس پارٹی کا ایک بھی مسلمان رکن پارلیمنٹ نہیں، اس میں اچانک اقلیتوں کیلئے اتنا درد کیوں؟ شرومنی اکالی دل

منگل 8 اپریل 2025 22:59

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) سکھوں کی تنظیم ''شرومنی اکالی دل'' کی رکن پارلیمنٹ ہرسمرت کور نے وقف ترمیمی بل پر بی جے پی حکومت کی بدنیتی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس پارٹی کا ایک بھی مسلمان رکن پارلیمنٹ نہیں، اس میں اچانک اقلیتوں کیلئے اتنا درد کیوں ہے؟ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہرسمرت کور نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں اس بات پر کافی تذبذب میں مبتلا ہوں اور سوچنے کی کوشش کر رہی ہوں کہ جس سیاسی جماعت کے پاس گزشتہ تین پارلیمان میں یعنی 14ویں،15ویں اور16ویں لوک سبھا سے لے کر اب تک ایک بھی مسلمان رکن پارلیمنٹ نہیں ہے، وہ پارٹی جو خواتین کے لئے اتنی ہمدردی دکھا رہی ہے ، اس کی ایک بھی مسلمان خاتون رکن پارلیمنٹ نہیں ہے،آج کون سا عید کا چاند نکل آیاکہ اس پارٹی کو اقلیتوں سے ا تنی محبت ہوگئی ہے ؟ انہوں نے کہاکہ اس جماعت(بی جے پی )کی پوری سیاست ہندومسلم فسادات بھڑکانے پر انحصارکرتی ہے، اس کی ساری سیاست پاکستان، مسلمان اور خالصتان کے گرد گھومتی ہے۔

(جاری ہے)

آج اچانک ان میں اتنی درد مندی کہاں سے آگئی کہ مسلمان بہنوں کی اور مسلمانوں کا پیسہ درست طریقے سے استعمال ہونے کی فکر لاحق ہوگئی ؟ انہوں نے کہاکہ ان کی زبان پر تو بظاہردعا ہے لیکن دل کالا ہے اور یہ سارا ملک جانتا ہے۔ہرسمرت کور نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ پارلیمنٹ میں مسلم اراکین موجود ہیں لیکن ان میں سے ایک بھی اس بل کی حمایت نہیں کر رہا ہے اورنہ ملک کی کوئی اقلیت اس کی حمایت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر بی جے پی کو اقلیتوں کا درد ہے تو سکھ برادری آرٹیکل25 بی میں برسوں سے ترمیم کا مطالبہ کررہی ہے، یہ بل کیوں نہیں لایا جاتا ؟ اس لئے کہ ہم ہندو نہیں سکھ ہیں۔آپ ہماری شناخت کا بل کیوں نہیں لاتے؟