/ڈپٹی کمشنر سوراب نے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری قومی مہم کے سلسلے میں یو سی ایم اوز کے لیے منعقدہ تربیتی سیشن کا دورہ کیا

منگل 8 اپریل 2025 20:40

$ سوراب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب نصیر نے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری قومی مہم کے سلسلے میں یو سی ایم اوز کے لیے منعقدہ تربیتی سیشن کا دورہ کیا۔ یہ تربیتی اجلاس ضلع سوراب میں آنے والی پولیو مہم کی تیاریوں کا ایک اہم جزو تھا، جس میں مختلف شعبہ جات سے وابستہ ماہرین اور ٹیم ممبران نے بھرپور شرکت کی۔

تربیتی سیشن میں ڈسٹرکٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایم ایس) ڈاکٹر شاکر محمد حسنی، ڈسٹرکٹ سرولنس آفیسر (ڈبلیو ایچ او) ڈاکٹر عبدالصمد لانگو، یونین کونسل میڈیکل آفیسرز (یو سی ایم اوز) اور پولیو ٹیموں کے دیگر ارکان موجود تھے۔ڈسٹرکٹ سرولنس آفیسر ڈاکٹر عبدالصمد لانگو نے ڈپٹی کمشنر کو سیشن کے اغراض و مقاصد اور تربیتی نکات کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے شرکا کو پولیو کے تدارک، ویکسینیشن کے درست طریقہ کار، فیلڈ ورک کی منصوبہ بندی، ٹیم کوآرڈینیشن، اور رپورٹنگ کے مراحل پر جامع تربیت فراہم کی۔ ان کی پیشکش نے نہ صرف ٹیموں کی معلومات میں اضافہ کیا بلکہ ان کے حوصلے اور عزم کو بھی جِلا بخشی۔ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب نصیر نے تربیتی سرگرمیوں کا بغور مشاہدہ کیا اور ٹریننگ کے معیار کو سراہا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ ہر بچہ پولیو سے محفوظ رہے۔انہوں نے پولیو ٹیموں کے جذبے، محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے ہی پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کا خواب شرمند تعبیر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی کو یقینی بنایا جائے اور گھر گھر جا کر والدین کو اس حوالے سے قائل کیا جائے۔

یہ تربیتی اجلاس نہ صرف پولیو کے خلاف مہم کی کامیابی کے لیے ایک مثبت قدم تھا بلکہ اس سے مقامی سطح پر صحت عامہ سے وابستہ اداروں اور اہلکاروں کے درمیان بہتر روابط اور ہم آہنگی کو فروغ ملا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکا نے مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :