کشمیریوں کیساتھ جو کچھ کیا گیاوہ ناقابل فراموش ہے، فاروق عبداللہ

بدھ 9 اپریل 2025 16:59

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ جو کچھ کیا گیا ، وہ ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کے کروڑوں مسلمانوں نے وقف بل کو مسترد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے سرینگر میں پارٹی کارکنوںسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر خصوصاً 2019کے بعدظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے اور ایک ایک کر کے ان کے حقوق چھینے گئے ،یہ سب ناقابل فراموش ہے۔

انہوںنے کہا کہ جموںوکشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ریاستی درجے کی بحالی ناگزیر ہے۔فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ بھارت کی24کروڑ مسلمانوں نے وقف بل کو مسترد کر دیا ہے کیونکہ یہ بل کسی صورت انکے حق میں نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم امید کرتے ہیںکہ عدالت عظمی میں مسلمانوں کو انصاف ملے گا۔