سرینگر :مودی حکومت نے ’’ ایم ایم یو ‘‘کو اجلاس کے انعقاد سے روک دیا ، میرواعظ، موسوی نظر بند

بدھ 9 اپریل 2025 17:00

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں قابض انتظامیہ نے متحدہ مجلس علماء ( ایم ایم یو) کو سرینگر میں اجلاس کے انعقاد کی اجازت نہیں دی۔ مجلس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں متنازعہ وقف ترمیمی قانون کے حوالے سے غور وخوض کیا جانا تھا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ نے سری نگر میں میرواعظ عمر کی رہائش گاہ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے میر واعظ عمر فاروق اور ر انجمن شرعی شیعیان کے صدر اور ایم ایم یو کے رکن آغا سید حسن الموسوی الصفوی کوگھروںمیں نظر بند کر دیا۔ اجلاس میں شرکت کے لیے مقبوضہ علاقے کے تمام اضلاع بشمول لداخ، کرگل اور جموں سے تعلق رکھنے والے مذہبی نمائندے پہلے ہی سرینگر پہنچ چکے تھے۔دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اجلاس پر پابندی عائد کرنے پر بھارتی حکومت کی مذمت کی اور اسے ایک غیر قانونی عمل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کے تمام اداروں کو براہ راست کنٹرول کر رہی ہے جبکہ نیشنل کانفرنس کی حکومت بے اختیار ہے۔