بھارتی وزیر نے سرینگر کے باغ گل ولالہ کی سیر کر کے مسلمانوں کی بے بسی کا جشن منایا، محبوبہ مفتی

بدھ 9 اپریل 2025 17:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھارتی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو کا سری نگر میں بھرپور استقبال کر کے وقف ترمیمی قانون کو جواز فراہم کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نےایکس پر لکھا کہ کرن رجیجو کے شاندار استقبال کے ذریعے بھارت کے 24کروڑ مسلمانوں کو یہ اشارہ دیا گیا کہ وقف بل کے بارے میں ان کے خیالات کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بل لانے کے بعد کرن نے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت مسلم اکثریتی جموں وکشمیر کا دورہ کیا جہاں وزیر اعلیٰ نے ان کا پر جوش استقبال کیا اور یوں بھارتی مسلمانوں کو پیغام دیا گیا کہ ایک مسلم اکثریتی علاقے کے وزیر اعلیٰ بل پیش کرنے والے وزیر کی خدمت میں پیش پیش ہیں تو ان کے خیالات کی کیا اہمیت ہے۔

(جاری ہے)

محبوبہ مفتی نےکہا کہ اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے سری نگر کے باغ گل و لالہ کی بھی سیر کی اور مسلمانوں کی بے بسی کا جشن منایا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وزیر اعلیٰ نے بھارتی وزیر کی جو آئو بھگت کی اس سے نہ صرف مسلمانوں کے اندر بے بسی کا احساس مزید گہرا ہو گیا بلکہ وقف ترمیمی بل کے یک طرفہ فیصلے کو بھی تقویت پہنچی۔