مظفرآباد، شکایت کنندہ کی شکایت پر ان کے ایریا کی سروس کو چیک کرتے ہوئے مسئلہ حل کر دیا گیا

جمعرات 10 اپریل 2025 17:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)وفاقی محتسب سیکرٹریٹ مظفرآباد میںPTA کے خلاف شکایا ت کے ازالہ کے لیے ریجنل ہیڈ منصور قادر ڈار شکایات کنندان کی شکایات کی سماعت کی اس موقع پر PTAآزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ ناصر خان، زونگ ،ٹیلی نار اور PTCLکمپنی کی جانب سے بھی فوکل پرسن موجود تھے ۔کیس کی سماعت کے دوران زونگ اور ٹیلی نار کے فوکل پرسن نے بتایا کہ شکایت کنندہ کی شکایت پر ان کے ایریا کی سروس کو چیک کرتے ہوئے مسئلہ حل کر دیا گیا ہے جس پر شکایت کنندہ نے کہا کہ 70فیصد مسئلہ حل ہو گیا ہے جبکہ 30فیصد مسئلہ ابھی باقی ہے جس پر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ منصور قادر ڈار نے کہا کہ کمپنیز کی جانب سے جب تک شکایت کنندہ کو مطمئن نہیں کیا جاتا تب تک کیس بند نہیں کیا جا سکتاجس پر کمپنیز کے فوکل پرسنز اور PTAحکام کی جانب سے دو دن کا مزید وقت لیا گیاجس پر انہوں نے ایڈمن آفیسر کو ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ ایجنسیوں کو دوبارہ سماعت کے لیے نوٹس جاری کیے جائیں۔

(جاری ہے)

دوران سماعت بہت ساری بنیادی رکاوٹیں سامنے آئیں جن کی وجہ سے آزادکشمیر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کافی کمزور ہیں ان مسائل میں ایک بڑا مسئلہ موبائل کمپنیز کی جانب سے آزادکشمیر کے اندر فائبر نہ بچھانا اور یو ایس ایف(USF) فنڈ کا آزادکشمیر میں موجود نہ ہونا ہے اس ضمن میں معاملہ کو حکومتی سطح پر اٹھانے اور اس کا تدارک کرنے کے لیے مثبت اقدام اٹھانے کا اعادہ کیا گیا اور وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ منصورقادرڈار نے کمپنیز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس حوالہ سے باقاعدہ کیس مرتب کر کے حکومت کو ارسال کریں تاکہ حکومتی منظوری اور این او سی کے بعد آزادکشمیر کے اندر فائبر کے ذریعے عوام کو موبائل اور نیٹ سروسز کی فراہمی کویقینی بنایا جا سکے جس پر کمپنیز کے فوکل پرسنز اور پی ٹی اے حکام نے اس حوالہ سے پیش رفت کیے جانے کے حوالہ سے یقین دہانی کروائی۔

اس وقت وفاقی محتسب میں PTAکے خلاف بہت شکایات درج ہو چکی ہیں جن کے حل کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ منصور قادر ڈار نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر موبائل کمپنیز کی جانب سے مہیا کی جانے والی سروس کے کافی مسائل ہیں جن کو حل کرنے کے لیے اسٹیبلمشنٹ سمیت تمام ادارے متفق ہیںاور مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون مہیا کر رہے ہیں ، آزادکشمیر کے عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے جس پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب اعجاز قریشی کی ہدایات کے مطابق عوام کو بہترین انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے وفاقی اداروں کے خلاف کی جانے والی ہرشکایت کا فیصلہ 60دن کے اندر مختصر ترین عرصے میں میرٹ پر کیا جاتا ہے اور اس پراسس کی کوئی فیس نہیں ہوتی انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام بلا معاوضہ اور بغیر وکیل وفاقی اداروں جیسا کہ پی ٹی اے ، نادرا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاسپورٹ آفس، جی پی او ، نیشنل سیونگ سینٹرز، پاکستان بیت المال ، پوسٹل لائف انشورنس، سٹیٹ لائف انشورنس،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، این ٹی ایس(NTS)، واپڈا جیسے اداروں کے خلاف شکایات آن لائن بھی درج کروا سکتے ہیں جبکہ دفتر میں آکر تحریری طور پر درخواست کی صورت میں بھی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر شکایت کنندگان نے کہا کہ وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے آزادکشمیر کے اندر وفاقی اداروں تک رسائی کے لیے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ مظفرآباد کا قیام عمل میں لایا ۔ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ مظفرآباد کے قیام سے عوام کی مشکلات میں کافی کمی آئی ہے اور عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف مہیا ہو رہا ہے ۔