ٹ*ٹیکنالوجسٹ ملک امان محکمہ صحت میں 39 سالہ سروس کے بعد ریٹائر ہو گئے

جمعرات 10 اپریل 2025 20:25

ج* ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2025ء)محکمہ صحت ایبٹ آباد کے ٹیکنالوجسٹ ملک امان 39 سالہ سروس کے بعد گریڈ 17 میں بنیادی مرکزِ صحت کوکل برسین سے ریٹائر ہو گئے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر بیسک ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو) کوکل برسین میں ایک سادہ لیکن پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت میڈیکل آفیسر ڈاکٹر فہد افسر نے کی جبکہ اس موقع پر محکمہ صحت و بی ایچ یو کوکل برسین کے ملازمین اور معززین علاقہ موجود تھے۔

اس موقع پر تقریب کے صدر ڈاکٹر فہد افسر نے کہا کہ ڈاکٹر ملک امان کی بی ایچ یو کوکل برسین کے لیے خدمات سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ وہ اس بنیادی مرکزِ صحت کو علاقہ مکینوں کے لیے بہترین طبی سہولیات سے مزین طبی مرکز بنانے کے لیے ہر وقت کوشاں رہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فہد افسر نے کہا کہ آج محکمہ صحت ڈاکٹر ملک امان کی ریٹائرمنٹ کی صورت میں ایک محنتی، وقت کے پابند، نفیس اور ملنسار طبی اہلکار سے محروم ہو رہا ہے۔

تقریب میں موجود معززینِ علاقہ کا ڈاکٹر ملک امان کی علاقے کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے دوران سروس علاقے کے ہر خاص و عام کی بلا تفریق خدمت کی اور شہریوں کو بروقت علاج معالجے کی سہولت فراہم کرتے رہے۔ معززین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ملک امان کی طبی خدمات دن کے اوقات میں تو مریضوں کو دستیاب رہتی ہی رہی ہیں لیکن وہ رات کے کسی بھی پہر صرف ایک فون کال پر کسی بھی مریض کے چیک اپ کے لیے میسر ہوتے ہیں۔

اہل علاقہ نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر ملک امان ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اسی طرح اہل علاقے کی خدمات جاری رکھیں گے۔ اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد اور عزت افزائی پر ڈاکٹر ملک امان کا کہنا تھا کہ وہ محکمہ صحت کے افسران اور بی ایچ یو کوکل برسین کے ساتھی ملازمین کے بے حد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ علاقہ کے معززین کے بھی مشکور ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں وہ اہل علاقہ کی خدمت اسی جذبے سے جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :