اہل بیت کی عظیم قربانی کو رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جاسکتا‘ سردار سلیم حیدر

حضرت امام حسینؓ کا پیغام کسی ایک مسلک یا گروہ کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے‘ گورنر پنجاب

ہفتہ 5 جولائی 2025 23:02

اہل بیت کی عظیم قربانی کو رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جاسکتا‘ سردار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اہل بیت کی عظیم قربانی کو رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ حضرت امام حسین ؓکا پیغام کسی ایک مسلک یا گروہ کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے۔یہ بات انہوں نے محرم الحرام کے سلسلے میں اپنے آبائی گھر ڈھرنال اٹک میں 9 محرم کے ماتمی جلوس کی قیادت کے موقع پر کہی۔

گورنر پنجاب کی رہائش گاہ پر 9 محرم الحرام کی مجلس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت۔گورنر پنجاب نے جلوس کے سکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ بھی لیا۔ گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کربلا میں انسانیت،صبر، قربانی اور عدل کی مثال قائم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی چراغ ہدایت ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ کربلا کے بعد دو ہی فرقے بچے ہیں ایک حسینی اور دوسرا یزیدی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہونا چاہیے کہ ہم سب حسینی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے حق کے لیے جان دی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزیدیت کو للکارا تاکہ آنے والی نسلیں حق اور باطل میں فرق کرسکیں۔ گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ ہمیں اپنے ملک کو فرقہ واریت کی آگ سے نکالنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام علما اکرام کو چاہئے کہ وہ 10محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

مزید ازں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ عاشور ہمیں قربانی، صبر، عدل اور اجتماعی فلاح کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کی رفقا نے اسلام کی بقا کے لیے لازوال قربانیاں دی۔ انہوں کے کہا کہ شہدائے کربلا نے باطل کے سامنے نہ جھکنے اورظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر پنجاب حکومت عزاداروں کی سیکورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ فرقہ واریت سے گریز کریں اور اتحاد، امن اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔