صوبائی وزیرکی زیر صدارت اجلاس، لائیو سٹاک کارڈ،دیہی خواتین میں اثاثہ جات کی تقسیم ودیگر امور پر پیش رفت کا جائزہ

جمعرات 10 اپریل 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سیدعاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لائیو سٹاک کارڈ،دیہی خواتین میں اثاثہ جات کی تقسیم ، لائیو سٹاک ایکٹس رپورٹ اور دیگر امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کے لائیو سٹاک سیکٹر میں کامیاب منصوبوں کے ثمرات سے مویشی پال کسان خوشحالی کی منازل طے کر اور ان کے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ 14 ہزار لائیو سٹاک کارڈ ہولڈر فارمرز میں سے اگر 12 ہزار لائیو سٹاک فارمرز اپنے قرض کی ادائیگی مقررہ مدت میں کر دیتے ہیں تو وہ خود بخود ہی اگلے مرحلے کے لیے لائیو سٹاک کارڈ کے لیے اہل ہو جائیں گے بعد ازاں اربن یونٹ ان کی فزیکل ورفیکشن کرے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ کے قرض کی واپسی کی آخری تاریخ 16 مئی مقرر کی گئی ہے جبکہ 17مئی سے 17جون تک اربن یونٹ فزیکل ورفیکشن مکمل کرے گا ،بینک آف پنجاب قرض واپس کرنے والوں فارمرز کیلئے فیز ٹو کے لیے درخواستیں یکم مئی سے وصول کرنا شروع کر دے گا اور درخواستوں کی وصولی کے لیے پورٹل اوپن ہو جائے گا۔

15جولائی سے لائیو سٹاک کارڈ سیکنڈ فیز کے لیے قرض کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔ عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے 12اضلاع میں سے 11اضلاع میں اب تک دیہی خواتین میں 4467 جانور تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ رحیم یار خان ضلع میں جلد ہی جانور تقسیم کئے جائیں گے،ان 11اضلاح میں بنک آف پنجاب کی جانب سے خواتین کو کارڈ بھی ڈلیور ہو گئے ہیں۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے اس موقع پر فٹ اینڈ موتھ ڈیزیز اور لمپی سکین ڈیزیز کو کنٹرول کرنے کے لیے محکمانہ اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ انملیز میں فٹ اینڈ موتھ ڈیزیز کو کنٹرول کرنے کے لیے اب تک مجموعی طور 4لاکھ 70ہزار سے زائد رنگ ویکسنیشن کی جا چکی اور 13لاکھ سے زائد ایف ایم ڈی کا سٹاک محکمہ کے پاس موجود ہے۔صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ پنجاب میں لمپی سکین کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا جبکہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر کڑی نگرانی برقرار رکھی جا رہی ہے، محکمہ کے پاس لمپی سکین ڈیزیز کی ایک لاکھ ڈوزیز موجود ہیں۔

صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ پنجاب میں انفورسمنٹ آف لائیو سٹاک بریڈننگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر اب تک 75ایف آئی آرز ،انفورسمنٹ آف لائیو سٹاک پولٹری پروڈکشن ایکٹ 2016 کی خلاف ورزی پر 32استغاثہ جبکہ انفورسمنٹ آف انیمل فوڈ سٹف اینڈ کمپونڈ ایکٹ 2016 کی خلاف ورزی پراب تک 14استغاثہ دائر کرائے گئے ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جانوروں کو غیر قانونی طور پر ذبح کرنے کے خلاف محکمہ کی جانب سے اب تک 164ایف آئی آرز درج کروائی گئی ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک عثمان طاہر، ڈائریکٹر جنرلز توسیع،پروڈکشن اور ریسرچ(لائیو سٹاک) کے علاوہ بینک آف پنجاب،پی آئی ٹی بی اور اربن یونٹ کے نمائندوں جبکہ محکمہ لائیو سٹاک کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔