پاکستان پر عائد 29فیصد امریکی ٹیرف کی عارضی معطلی کا خیرمقدم کرتے ہیں ، پیاف

جمعہ 11 اپریل 2025 13:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ (پیاف)کے چیئرمین سید محمود غزنوی ،سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اور راجہ وسیم حسن نے امریکا کی جانب سے پاکستان پر عائد 29فیصد ٹیرف کوتین ماہ کے لئے معطل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ٹیرف کو مستقل ختم کرانے کیلئے سفارتی سطح پر فی الفور باضابطہ بات چیت کا آغاز کرے ۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں پیاف کے عہدیداروں نے کہا کہ مذکورہ فیصلے سے پاکستان کو بڑا ریلیف ملا ہے اور برآمد کنندگان میں پائی جانے والی تشویش کا عارضی طور پر خاتمہ ہوا ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس تناظر میں مذاکرات کے لئے جن اقدامات کا آغاز کیا ہے ان میں تعطل نہیں آنا چاہیے بلکہ جلد سے جلد امریکی حکام سے بات چیت کا آغاز کر کے مستقل ریلیف حاصل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی برآمدات کو بڑھانے کے لئے نئی منڈیوں کی بھی تلاش کرنی چاہیے ، حکومت مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو عالمی منڈیوں میں حریف ممالک سے مقابلے کے لئے تعاون کرے تاکہ پاکستان کی برآمدات فروغ پا سکیں ۔ پیاف کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کے روابط کو مضبوط کیا جائے تاکہ برآمدات کے حجم میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتوں کو برآمدی صنعتوں میں تبدیل کرنے کیلئے تکنیکی اور مالی معاونت کی پالیسی سازی کی ضرورت ہے۔