Live Updates

سلطانز اس بار ٹورنامنٹ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے، عثمان خان

گزشتہ تین سالوں سے ٹیم فائنل تک پہنچ کر ہار رہی ہے، اس بار وہ اپنی بدقسمتی کو ختم کرکے ٹرافی اپنے نام کرنا چاہتے ہیں، گفتگو

جمعہ 11 اپریل 2025 15:46

سلطانز اس بار ٹورنامنٹ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے، عثمان خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء)ملتان سلطانز کے بیٹر عثمان خان نے کہا ہے کہ سلطانز اس بار ٹورنامنٹ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے،گزشتہ تین سالوں سے ٹیم فائنل تک پہنچ کر ہار رہی ہے، لیکن اس بار وہ اپنی بدقسمتی کو ختم کرکے ٹرافی اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔عثمان خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہاکہ ہم نے پی ایس ایل 10 کے لیے سخت محنت کی ہے۔

ہماری کوشش ہوگی کہ نارمل کرکٹ کھیلیں اور ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھائیں۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ تین سیزن میں ہم فائنل ہار گئے، لیکن اس بار ہدف فائنل جیتنا ہے۔کپتان محمد رضوان کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بارے میں عثمان نے بتایا کہ انہوں نے ٹیم کو پریشر فری رہنے اور نارمل کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کی ہے،پہلا ہدف پلے آف میں پہنچنا ہے، پھر فائنل جیتنا ہے۔

(جاری ہے)

عثمان خان نے ملتان سلطانز کے لوکل اور ایمرجنگ پلیئرز کو ٹیم کی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ’’کامبی نیشن‘‘ٹورنامنٹ میں کامیابی کی کلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ جیتنے والا کامبی نیشن جلد از جلد حاصل کریں اور اسے بار بار تبدیل نہ کریں۔پی ایس ایل کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے عثمان نے کہا کہ یہ لیگ ان کے بین الاقوامی کیریئر کی وجہ بنی۔

انہوں نے اس سیزن کے اہداف کے بارے میں بتایا کہ میں اس سال دو سو بنانا چاہتا ہوں اور ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھاؤں گا۔متحدہ عرب امارات کی کرکٹ چھوڑ کر پاکستان کی طرف آنے کے فیصلے پر عثمان نے کہا کہ یہ ان کا خواب تھا۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں نے کہا کہ میں نے غلط کیا، لیکن میں نے اپنے خواب کی خاطر قربانی دی۔ اللہ کا شکر ہے کہ مجھے پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا۔عثمان خان نے موجودہ دور کی بیٹنگ فرینڈلی کرکٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایس ایل میں پاور پلے اور مڈل اوورز دونوں میں تیز رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے اوپننگ کرنے کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہاکہ میری کوشش ہوگی کہ جہاں بھی کھیلوں اپنی طاقت کے مطابق تیز کھیلوں۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات