کاشتکار گندم کی فصل کی اچھی طرح پکنے کے بعد کٹائی شروع کریں، اے ڈی پسرور

جمعہ 11 اپریل 2025 16:02

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو فصل اچھی طرح پکنے کے بعد کٹائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) پسرور ڈاکٹر سجاد حیدر نے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہا کہ صوبے کے اکثر مقامات پر وسط اپریل کے بعد سے گندم کی فصل پکنے کی صورت میں کٹائی کا عمل شروع ہونے والا ہے لہٰذا کاشتکار اس موقع پر انتہائی احتیاط سے کام لیں اور فصل اچھی طرح پکنے کے بعد اس کی کٹائی کریں لیکن بارش کے دوران فصل کی کٹائی نہ کریں نیز کٹائی کے دوران تسلسل کے ساتھ ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیشگوئیاں بھی توجہ سے سنیں تاکہ فصل کو نقصان سے بچانا ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی اکثر علاقوں میں گندم کی فصل پوری طرح پک کر تیار نہیں ہوئی ہے اس لئے کاشتکار جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں اور فصل کی کٹائی اس وقت شروع کریں جب وہ مکمل طور پر پک کر تیا ر ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ کٹائی کے بعد فصل کو زیادہ دیر تک کھیت میں نہ رکھیں نیز ذخیرہ کے لئے گودام کو ہوا دار رکھیں جس میں نمی کاتناسب 10فیصد ہو۔ اس سلسلہ میں مزید معلومات کے لئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :